دوسرا ٹی ٹوئنٹی، پاکستان نے سری لنکا کو 82 رنز سے شکست دے دی

دوسرا ٹی ٹوئنٹی، پاکستان نے سری لنکا کو 82 رنز سے شکست دے دی

پاکستان نے تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی ہے

پاکستان نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سری لنکا کو 82 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی ناقابلِ شکست برتری حاصل کرلی۔ معاذ صداقت اور کپتان صاحبزادہ فرحان کی شاندار بیٹنگ نے پاکستان کی بڑی کامیابی کی بنیاد رکھی۔

راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، تاہم پاکستانی بلے بازوں نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 215 رنز کا بڑا مجموعہ ترتیب دیا۔

معاذ صداقت نے صرف 51 گیندوں پر 96 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں 6 چوکے اور 7 چھکے شامل تھے۔ وہ سنچری مکمل نہ کرسکے، تاہم ان کی دھواں دار بیٹنگ نے سری لنکن بولرز کو دباؤ میں رکھا۔

کپتان صاحبزادہ فرحان نے بھی عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 44 گیندوں پر 73 رنز بنائے، جس میں 4 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔ فخر زمان نے 22 جبکہ حسن نواز نے 19 رنز کا حصہ ڈالا۔ سری لنکا کی جانب سے ایشان ملنگا، مہیش تھیکشانا اور داسن شناکا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

216 رنز کے مشکل ہدف کے تعاقب میں سری لنکن ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 133 رنز ہی بنا سکی اور اسے 82 رنز کی بھاری شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

سری لنکا کی جانب سے مہیش تھیکشانا 32 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ چمندو وکرما سنگھے نے 29، کمیندو مینڈس نے 23 اور سنتھ جے سوریا نے 22 رنز بنائے۔ پاکستانی بولرز نے ہدف کے تعاقب میں حریف بلے بازوں کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا۔

پاکستان کی جانب سے عمران رندھاوا نے 3 وکٹیں حاصل کرکے سری لنکن بیٹنگ لائن کو بڑا نقصان پہنچایا، جبکہ سلمان مرزا نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ صائم ایوب اور ابرار احمد نے بھی ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی ہے، جبکہ سیریز کا تیسرا اور آخری میچ اب رسمی کارروائی رہ گیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے