خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کی منظوری، قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس کل طلب

خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کی منظوری، قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس کل طلب

اجلاسوں میں خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ سے متعلق قراردادیں منظور کرائے جانے کا امکان۔

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ سے متعلق معاملے پر غور کے لیے قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس کل 13 اکتوبر کو شام 6 بج کر 15 منٹ پر پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں طلب کرلیے جب کہ اپوزیشن نے اس اقدام کے خلاف سخت احتجاج کا فیصلہ کیا ہے۔

صدر مملکت نے قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس آئین کے آرٹیکل 54 کی شق (1) کے تحت حاصل اختیارات استعمال کرتے ہوئے طلب کیے ہیں۔ اجلاسوں میں خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ سے متعلق قراردادیں منظور کرائے جانے کا امکان ہے۔

جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) نے خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کے خلاف قومی اسمبلی اور سینیٹ میں قراردادیں جمع کرادی ہیں جن میں ایمرجنسی نامنظور کرنے اور اسے فوری ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

جے یو آئی کی جانب سے جمع کرائی گئی قراردادوں میں ایمرجنسی کے نفاذ کے لیے آئین کے آرٹیکلز 232 اور 234 کے استعمال پر بھی اعتراض اٹھایا گیا ہے۔ پارٹی نے سیکیورٹی سے متعلق سرکاری رپورٹ ارکان پارلیمنٹ کے ساتھ شیئر کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

اپوزیشن اور مسلم لیگ ن کے پارلیمانی اجلاس بھی طلب

دوسری جانب اپوزیشن نے مشترکہ پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کرلیا ہے، جس میں خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کے خلاف احتجاج کی حکمت عملی طے کی جائے گی۔

حکمران جماعت مسلم لیگ ن نے بھی اپنی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس کل شام 4 بجے طلب کیا ہے۔

قومی اسمبلی کا آئندہ اجلاس 16ویں قومی اسمبلی کا 30واں اجلاس ہوگا، جبکہ سینیٹ کا اجلاس بھی کل شام 6 بج کر 15 منٹ پر منعقد ہوگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے