کراچی، بغیر اجازت کھدائی سے کے الیکٹرک کی زیر زمین کیبل خراب ہونے پر 1935 مرتبہ بجلی بند
ترجمان کے الیکٹرک نے بتایا کہ رپورٹ کیے گئے واقعات میں سے 456 میں نقصان کے ذمہ دار افراد یا فریقوں کی شناخت نہیں ہوسکی
شہر میں بغیر اجازت اور متعلقہ اداروں سے رابطہ کیے بغیر کھدائی اور کدال چلانے کے باعث مالی سال 2026 کے دوران بجلی کی بندش کے 1935 واقعات پیش آئے بعض علاقوں میں بجلی کی بحالی میں 24 گھنٹے سے زائد وقت بھی لگا۔
کے الیکٹرک کے مطابق زیر زمین بجلی کیبلز کو کھدائی کے دوران نقصان پہنچنے سے بجلی کی فراہمی متاثر ہوتی ہے، جبکہ بعض واقعات میں خراب کیبلز کی مرمت کا پیچیدہ عمل بجلی بحال کرنے میں غیر معمولی تاخیر کا سبب بنتا ہے۔
ترجمان کے الیکٹرک نے بتایا کہ رپورٹ کیے گئے واقعات میں سے 456 میں نقصان کے ذمہ دار افراد یا فریقوں کی شناخت نہیں ہوسکی، جو کھدائی سے قبل متعلقہ اداروں کے درمیان رابطے اور رابطہ کاری میں کمی کی نشاندہی کرتا ہے۔
ترجمان کے مطابق زیر زمین بجلی کی تاروں کو نقصان پہنچنے سے نہ صرف آس پاس کی آبادیوں اور کاروباری مراکز میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوتی ہے بلکہ کارکنوں اور عام شہریوں کی جانوں کو بھی خطرات لاحق ہوتے ہیں۔
کے الیکٹرک کے ترجمان نے کہا کہ مختلف یوٹیلیٹی اداروں اور شہری انتظامیہ کے درمیان رابطہ کاری کے لیے باقاعدہ طریقہ کار موجود ہے۔ زیر زمین کیبلز کو نقصان پہنچنے سے پیدا ہونے والی بجلی کی بندش دور کرنا نسبتاً پیچیدہ عمل ہے، جس کے لیے خصوصی تربیت یافتہ ٹیموں کی ضرورت ہوتی ہے اور بحالی میں زیادہ وقت لگ سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کھدائی سے پہلے زیر زمین یوٹیلیٹی نیٹ ورکس اور کیبلز کے راستوں کی تصدیق کرکے حادثات، تنصیبات کو پہنچنے والے نقصان اور بجلی کی فراہمی میں تعطل کو نمایاں طور پر کم کیا جاسکتا ہے۔
کے الیکٹرک نے شہری اداروں، ٹھیکیداروں، نجی ڈیولپرز اور عوام پر زور دیا ہے کہ کسی بھی قسم کی کھدائی شروع کرنے سے پہلے متعلقہ یوٹیلیٹی فراہم کرنے والے اداروں سے رابطہ اور ضروری ہم آہنگی یقینی بنائیں۔
ترجمان کے مطابق کراچی جیسے گنجان آباد شہر میں سڑکوں اور عوامی مقامات کے نیچے بجلی، پانی، گیس اور ٹیلی کام کے نیٹ ورکس موجود ہیں، اس لیے کھدائی کے مقررہ ضوابط پر عمل درآمد کارکنوں، شہریوں اور بنیادی سہولیات کی مسلسل فراہمی کے تحفظ کے لیے انتہائی ضروری ہے۔
کے الیکٹرک نے واضح کیا کہ کھدائی سے قبل اداروں کے درمیان رابطہ کاری اور زیر زمین تنصیبات کی درست نشاندہی سے بجلی کی غیر اعلانیہ بندش، مرمتی اخراجات اور شہریوں کو درپیش مشکلات میں کمی لائی جاسکتی ہے۔
