سعودی اتحادی افواج نے یمن میں 127 میزائل و ڈرون ذخیرہ گاہیں تباہ کیں، ترکی المالکی

سعودی اتحادی افواج نے یمن میں 127 میزائل و ڈرون ذخیرہ گاہیں تباہ کیں، ترکی المالکی

حوثی ملیشیا نے علاقائی فریقوں کی مدد سے جدید ٹیکنالوجی حاصل کی، سعودی ترجمان

سعودی عرب کی قیادت میں قائم عرب اتحاد نے یمن کے پہاڑی علاقوں میں حوثی ملیشیا کے میزائلوں اور ڈرونز کی 127 ذخیرہ گاہوں اور لانچنگ پلیٹ فارمز کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے، جبکہ سعودی ایئرپورٹس اور تیل کی تنصیبات پر حملوں کی تفصیلات بھی جاری کردی ہیں۔

ریاض میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اتحادی افواج کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے حوثی ملیشیا کی جانب سے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سمیت دیگر اہم تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوششوں کی مذمت کی۔

ترکی المالکی کے مطابق حوثی ملیشیا نے سعودی عرب کی متعدد بندرگاہوں، ایئرپورٹس اور تیل کی تنصیبات پر حملوں کی کوشش کی، جو شہری ہوابازی کے لیے خطرہ اور عام شہریوں کی زندگیوں کے لیے سنگین تشویش کا باعث ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ حوثی ملیشیا نے علاقائی فریقوں کی مدد سے جدید ٹیکنالوجی حاصل کی، جس کے باعث وہ بیلسٹک میزائلوں اور حملہ آور ڈرونز سے لیس ہوئی۔ اتحادی افواج حوثیوں کے عسکری نیٹ ورک کو ختم کرنے اور اس سے وابستہ ماہرین کے خلاف کارروائی کے لیے بھی سرگرم ہیں۔

ترجمان نے سعودی ایئرپورٹس پر حملوں کے اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے بتایا کہ کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حوثیوں کے 20 حملوں میں 17 افراد جاں بحق اور 333 زخمی ہوئے، جبکہ ابھا ایئرپورٹ پر حملوں کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور 28 مسافر زخمی ہوئے۔

ترکی المالکی نے کہا کہ سعودی عرب کی اہم تنصیبات اور شہری ہوابازی کو نشانہ بنانے والے حملوں سے نمٹنے کے لیے اتحادی افواج کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے