ہنگو، سیکیورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ، 8 خوارج ہلاک، 6 جوان شہید
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود دیگر خوارج کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے
ہنگو میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے اور خوارج کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 8 خوارج ہلاک ہوگئے، جبکہ دو افسران سمیت 6 اہلکار شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 20 ستمبر 2026 کو ضلع ہنگو میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے اور خوارج کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنے الخوارج سے تعلق رکھنے والے 8 خوارج کو ہلاک کردیا۔
ترجمان کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران اپنے دستوں کی قیادت فرنٹ سے کرنے والے دو بہادر افسران نے جرات و بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ شہید ہونے والوں میں 23 سالہ کیپٹن ابوذر فاروق، ساکن ضلع گوجرانوالہ، اور 22 سالہ لیفٹیننٹ شیراز بابر، ساکن ضلع چکوال شامل ہیں۔ دونوں افسران کے ساتھ ان کے 4 جوانوں نے بھی وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود دیگر خوارج کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے، جبکہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ وفاقی ایپکس کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان کی منظوری سے ’عزمِ استحکام‘ کے وژن کے تحت غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کاؤنٹر ٹیررازم مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی۔
ترجمان کے مطابق شہید ہونے والے بہادر اہلکاروں کی قربانیاں ملک کی سلامتی اور دفاع کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں، جبکہ سیکیورٹی فورسز ملک کو دہشت گردی کے ناسور سے پاک کرنے کے لیے ہر قیمت پر اپنی ذمہ داری جاری رکھیں گی۔
