عالمی بینک کی سندھ میں پراپرٹی ریونیو بڑھانے کے لیے 15 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری

 عالمی بینک نے سندھ پراپرٹی ریونیو انہانسمنٹ پروگرام کیلئے 15 کروڑ ڈالر کی مالی معاونت کی منظوری دے دی ہے جس کا مقصد سندھ کے بلدیاتی اداروں کی مالی خودمختاری مضبوط بنانا، پراپرٹی ٹیکس کی وصولی میں اضافہ اور شہری سہولیات کو بہتر بنانا ہے۔

عالمی بینک کے پروگرام کے تحت کراچی میں پراپرٹی ٹیکس کی ادائیگی کی شرح 20 فیصد سے بڑھا کر 50 فیصد کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جبکہ سالانہ پراپرٹی ٹیکس وصولی 85 لاکھ ڈالر سے بڑھا کر 8 کروڑ 50 لاکھ ڈالر تک لے جانے کا منصوبہ ہے۔

پروگرام سے کراچی کے 25 بلدیاتی ادارے مستفید ہوں گے، جبکہ شہر کے تقریباً 35 لاکھ 80 ہزار شہریوں کو بہتر بلدیاتی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ پراپرٹی ٹیکس سے حاصل ہونے والی آمدن کا 70 فیصد بلدیاتی انفراسٹرکچر اور شہری خدمات پر خرچ کیا جائے گا۔

منصوبے کے تحت کراچی میں نکاسی آب، سیوریج، سڑکوں اور اسٹریٹ لائٹس کے نظام کو بہتر بنایا جائے گا، جبکہ پراپرٹی ٹیکس کی وصولی کیلئے جدید ڈیجیٹل مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم متعارف کرایا جائے گا۔ ٹیکس بلوں کے اجرا، ادائیگیوں اور شہری شکایات کے ازالے کا نظام بھی ڈیجیٹل کیا جائے گا۔

عالمی بینک کے مطابق سندھ کے مزید 20 شہری بلدیاتی اداروں میں پراپرٹی سروے اور ٹیکس وصولی کا نظام متعارف کرایا جائے گا، جس سے دیگر شہری علاقوں کے تقریباً 45 لاکھ افراد بھی بالواسطہ مستفید ہوں گے۔ پروگرام میں سندھ کے دیگر شہری مراکز کیلئے 4 کروڑ ڈالر کا سرمایہ کاری منصوبہ بھی شامل ہے۔

عالمی بینک کا کہنا ہے کہ سندھ کے بلدیاتی اداروں کی 95 فیصد سے زائد آمدن صوبائی حکومت کی مالی منتقلیوں پر منحصر ہے، جس کے باعث ان اداروں کی مالی خودمختاری محدود ہے۔ نئے پروگرام کے تحت بلدیاتی اداروں کو فنڈز کی فراہمی ان کی کارکردگی سے مشروط ہوگی، جبکہ ایک آزاد تصدیقی ادارہ ہر سال ان کی کارکردگی کا جائزہ لے گا۔

پروگرام کے تحت اسکولوں، فائر اسٹیشنز، سڑکوں اور نکاسی آب کے نظام کی بحالی بھی کی جائے گی۔ اس کے علاوہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات برداشت کرنے کی صلاحیت رکھنے والا بلدیاتی انفراسٹرکچر تعمیر کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

عالمی بینک کے مطابق کراچی میں پراپرٹی ٹیکس کی مد میں آمدن بڑھانے کی نمایاں صلاحیت موجود ہے۔ اس پروگرام کا بنیادی مقصد شہروں کو اپنے وسائل پیدا کرنے اور انہی وسائل سے ترقیاتی منصوبوں اور شہری خدمات کی فراہمی کے قابل بنانا ہے۔

عالمی بینک کا کہنا ہے کہ یہ پروگرام سندھ میں مالیاتی استحکام، بلدیاتی اداروں کی مالی خودمختاری اور شہری سہولیات کی بہتری میں اہم کردار ادا کرے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے