پاکستان آرمی نے شوٹنگ کے دونوں بڑے مقابلے جیت لیے، فیلڈ مارشل عاصم منیر کی نشانہ بازوں کو شاباش
اس موقع پر انسپکٹر جنرل ٹریننگ اینڈ ایویلیوایشن اور کمانڈر راولپنڈی کور نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کا استقبال کیا
پاکستان آرمی نے 46 ویں سالانہ سینٹرل میٹ کے دوران چوتھی انٹر سروسز کامبیٹ شوٹنگ چیمپئن شپ اور وزیراعظم اسکلز ایٹ آرمز بگ بور نیشنل چیلنج میچ کی ٹرافیاں اپنے نام کرلیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان آرمی رائفل ایسوسی ایشن کی 46 ویں سالانہ سینٹرل میٹ کی اختتامی تقریب آرمی مارکس مین شپ یونٹ جہلم میں منعقد ہوئی، جس کے مہمان خصوصی چیف آف ڈیفنس فورسز اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر تھے جبکہ پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
مقابلے 7 اکتوبر سے 11 نومبر تک جاری رہے، جن میں پاک آرمی، نیوی، ایئر فورس، سول آرمڈ فورسز، پنجاب اور سندھ رینجرز، گلگت بلتستان اسکاؤٹس اور چاروں صوبوں کی ٹیموں سمیت 1500 سے زائد نشانہ بازوں نے حصہ لیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان آرمی کے آرمی مارکس مین شپ یونٹ نے وزیراعظم اسکلز ایٹ آرمز بگ بور نیشنل چیلنج میچ جیتا، جبکہ فوجی شوٹنگ کا اعلیٰ اعزاز ماسٹر ایٹ آرمز ٹرافی پنجاب رجمنٹ کے حوالدار فضل الرحمان کے نام رہا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے نشانہ بازوں کی غیر معمولی مہارت اور درست نشانے کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ شوٹنگ میں مہارت ایک پیشہ ور فوجی کی نمایاں پہچان ہے اور چھوٹے ہتھیاروں کے استعمال میں مہارت بنیادی فوجی تربیت کا لازمی حصہ رہنی چاہیے۔
اس موقع پر انسپکٹر جنرل ٹریننگ اینڈ ایویلیوایشن اور کمانڈر راولپنڈی کور نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کا استقبال کیا۔
