سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنی اصل عمر چھپا کر خود کو بالغ ظاہر کرنے والے کم عمر صارفین کے لیے اب ایسا کرنا مشکل ہو جائے گا کیونکہ میٹا نے اب مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی عمر کی شناخت کے نظام کو دنیا بھر میں وسعت دینے کا اعلان کر دیا ہے۔
میٹا کے مطابق نئے نظام کے تحت انسٹاگرام صارفین کی جانب سے درج کردہ تاریخ پیدائش کے علاوہ ان کی دیگر سرگرمیوں اور معلومات کا تجزیہ کرکے حقیقی عمر کا اندازہ لگائے گا۔ اس اقدام کا مقصد بچوں اور نوجوانوں کو ان کی عمر کے مطابق مواد فراہم کرنا اور آن لائن تحفظ کو بہتر بنانا ہے۔
کمپنی نے یہ ٹیکنالوجی ابتدائی طور پر اپریل 2025 میں متعارف کرائی تھی۔ اب اس نظام کو مزید وسعت دی جا رہی ہے تاکہ ایسے نوجوانوں کی بھی نشاندہی کی جا سکے جو اپنے اکاؤنٹ میں 18 سال یا اس سے زائد عمر درج کرکے خود کو بالغ ظاہر کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: انسٹاگرام پر 90 منٹ تک کی ویڈیوز پوسٹ کرنے کا نیا فیچر متعارف
میٹا کے مطابق اگر مصنوعی ذہانت کا نظام کسی صارف کو کم عمر قرار دے تو اسے خودکار طور پر انسٹاگرام کے خصوصی ٹین اکاؤنٹ میں منتقل کیا جا سکتا ہے جہاں اس کے لیے عمر کے مطابق حفاظتی پابندیاں نافذ ہوں گی۔
واضح رہے کہ میٹا نے ستمبر 2024 میں 13 سے 17 سال کی عمر کے نوجوانوں کے لیے ٹین اکاؤنٹس متعارف کرائے تھے۔ ان اکاؤنٹس میں نامناسب مواد تک رسائی محدود کرنے، اجنبی افراد کے غیر ضروری رابطوں کی حوصلہ شکنی اور ایپ کے استعمال کے دورانیے کو کنٹرول کرنے جیسے حفاظتی اقدامات شامل ہیں۔
کمپنی اب اس ٹیکنالوجی کو عالمی سطح پر متعارف کرا رہی ہے۔ ابتدائی مرحلے میں امریکا میں والدین کو انسٹاگرام فیڈ پر خصوصی ویڈیو کے ذریعے آگاہ کیا جائے گا کہ پلیٹ فارم کم عمر صارفین کی شناخت کس طرح کرتا ہے اور ان کے تحفظ کے لیے کون سے اقدامات کیے جاتے ہیں۔
میٹا کا کہنا ہے کہ بچوں اور نوجوانوں کے لیے محفوظ ڈیجیٹل ماحول کی فراہمی اس کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس مقصد کے لیے مصنوعی ذہانت سمیت جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو مزید وسعت دی جائے گی۔
