اب اپنے پیغامات کو گانوں میں بدلیں، اسنیپ چیٹ نے نیا فیچر متعارف کردیا
اسنیپ چیٹ کے اس نئے فیچر کو ’’چیٹ ٹو سانگ‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔
اسنیپ چیٹ نے مصنوعی ذہانت سے چلنے والا نیا فیچر متعارف کرادیا ہے جس کے ذریعے صارفین گفتگو کے پیغامات کو مختصر اصل گانوں میں تبدیل کرسکیں گے۔
اسنیپ چیٹ نے مصنوعی ذہانت کی مدد سے پیغامات کو گانوں میں تبدیل کرنے کے لیے نیا فیچر متعارف کرایا ہے جسے ’’چیٹ ٹو سانگ‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔
کمپنی کے مطابق صارفین گفتگو کے دوران کسی پیغام کو دباکر رکھیں گے اور گانا بنانے کا اختیار منتخب کرنے کے بعد اپنی پسند کی موسیقی کی صنف کا انتخاب کرسکیں گے۔
اس کے بعد مصنوعی ذہانت منتخب پیغام کو مختصر گانے کی شکل میں تبدیل کرے گی جسے صارف اپنے دوستوں کے ساتھ بھی شیئر کرسکے گا۔
یہ نیا فیچر ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سوشل میڈیا پر پیغامات اور گفتگو کو گانوں میں تبدیل کرنے کا رجحان تیزی سے مقبول ہوا ہے۔
رواں سال ٹک ٹاک پر صارفین کی جانب سے اپنی پیغامات پر مبنی گفتگو کو مصنوعی ذہانت کے ذریعے گانوں میں تبدیل کرنے کا رجحان سامنے آیا تھا جس کے بعد اسنیپ چیٹ نے بھی اسی طرز کی سہولت متعارف کرادی۔
تاہم اسنیپ چیٹ کے نئے فیچر سے متعلق بعض اہم سوالات تاحال واضح نہیں ہیں۔ کمپنی یہ تفصیل سامنے نہیں لائی کہ گانے تیار کرنے کے لیے اس کا اپنا مصنوعی ذہانت کا نظام استعمال ہورہا ہے یا کسی دوسری کمپنی کی ٹیکنالوجی سے مدد لی جارہی ہے۔
اسی طرح یہ بھی واضح نہیں کیا گیا کہ گانے تیار کرنے والے مصنوعی ذہانت کے نظام کی تربیت کے لیے کس نوعیت کی موسیقی استعمال کی گئی ہے اور آیا تجارتی موسیقی کے حقوق حاصل کیے گئے ہیں یا نہیں۔
اسنیپ چیٹ کے مطابق مصنوعی ذہانت سے تیار ہونے والے گانوں کو دوستوں کے ساتھ بھیجتے وقت واضح طور پر ’’اے آئی گانا‘‘ کے نشان کے ساتھ ظاہر کیا جائے گا تاکہ وصول کنندہ کو معلوم ہو کہ یہ مواد مصنوعی ذہانت کی مدد سے تیار کیا گیا ہے۔
فی الحال یہ سہولت صرف لینز پلس کی رکنیت رکھنے والے صارفین کے لیے دستیاب ہے۔
