تھر میں ڈیزل کا استعمال ختم کرنے کا منصوبہ، سالانہ 3 کروڑ ڈالر تک بچت ہوگی

تھر میں ڈیزل کا استعمال ختم کرنے کا منصوبہ، سالانہ 3 کروڑ ڈالر تک بچت ہوگی

تھر کے قومی وسائل کو صارفین کے لیے سستی بجلی میں تبدیل کیا جارہا ہے

وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر تھر میں کوئلے کی کان کنی کے لیے ڈیزل کی جگہ قومی گرڈ سے بجلی فراہم کرنے کے منصوبے پر عملی کام شروع کردیا گیا ہے، جس سے سالانہ 25 سے 30 ملین ڈالر زرمبادلہ بچانے کی توقع ہے۔

پاور ڈویژن کے اعلامیے کے مطابق وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری کی زیر صدارت جائزہ اجلاس میں تھر بلاک ون اور بلاک ٹو کو قومی بجلی کے نظام سے منسلک کرنے کے منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ منصوبے کا ٹھیکہ دے دیا گیا ہے اور ٹھیکیدار نے سائٹ پر کام بھی شروع کردیا ہے۔

منصوبے کے تحت دونوں بلاکس کو اسلام کوٹ گرڈ اسٹیشن سے 132 کلو وولٹ کی ٹرانسمیشن لائن کے ذریعے منسلک کرکے کان کنی کے مقامات کو 60 میگاواٹ بجلی فراہم کی جائے گی۔ منصوبہ اپریل 2028 تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، تاہم اسے مقررہ شیڈول سے 8 سے 9 ماہ پہلے مکمل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

پاور ڈویژن کے مطابق تھر میں کان کنی کے لیے روزانہ 2 لاکھ سے ڈھائی لاکھ لیٹر ڈیزل استعمال ہوتا ہے، جس پر یومیہ ڈھائی کروڑ روپے خرچ ہوتے ہیں۔ قومی گرڈ سے بجلی کی فراہمی کے بعد کان کنی کے لیے بجلی کی پیداواری لاگت 33 سینٹ سے کم ہوکر 13 سینٹ فی یونٹ رہ جائے گی، جس سے اخراجات میں 60 فیصد سے زائد کمی متوقع ہے۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ ڈیزل کے استعمال میں کمی سے نہ صرف درآمدی ایندھن پر انحصار کم ہوگا بلکہ سالانہ تقریباً 80 ہزار ٹن کاربن اخراج میں بھی کمی آئے گی۔ تھر بلاک ون میں رواں سال کے اختتام تک 40 الیکٹرک ٹرک شامل کرنے جبکہ بلاک ٹو میں 2028 سے برقی گاڑیوں کا استعمال شروع کرنے کا منصوبہ ہے۔ ڈیزل سے چلنے والی کان کنی کی گاڑیوں کو بھی مرحلہ وار بجلی پر منتقل کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کان کنی میں الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال میں تیزی لانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ڈیزل کی درآمدات کم ہونے سے زرمبادلہ کے ذخائر پر دباؤ گھٹے گا اور مقامی کوئلے سے سستی بجلی کی پیداوار ممکن ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ تھر کے قومی وسائل کو صارفین کے لیے سستی بجلی میں تبدیل کیا جارہا ہے۔ پاور ڈویژن کے مطابق تھر کا کوئلہ سی پیک کا اہم حصہ اور پاکستان کی توانائی سلامتی کے لیے کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے