پاکستان اور روس کا بڑا تجارتی ہدف، 2030 تک تجارت 5 ارب ڈالر تک پہنچانے کا فیصلہ
پاکستان اور روس کے درمیان بین الحکومتی کمیشن کا 12 واں اجلاس 2027 میں پاکستان میں ہو گا
پاکستان اور روس نے 2030 تک دوطرفہ تجارت کا حجم 5 ارب ڈالر تک بڑھانے کا ہدف مقرر کرلیا، دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کے نئے پروگرام پر بھی دستخط ہوگئے۔
پاکستان اور روس کے درمیان تجارت، اقتصادی، سائنسی اور تکنیکی تعاون سے متعلق بین الحکومتی کمیشن کا 11واں اجلاس ماسکو میں اختتام پذیر ہوگیا، جس کے بعد اجلاس کا مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق اجلاس کی مشترکہ صدارت وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری اور روسی وزیر توانائی سرگئی تسیویلیف نے کی۔ اجلاس میں دوطرفہ اقتصادی تعاون کا جائزہ لینے کے ساتھ مستقبل میں تعاون کے لیے ترجیحی شعبوں کی نشاندہی بھی کی گئی۔
پاکستان اور روس نے بین الحکومتی کمیشن کے 11ویں اجلاس کے پروٹوکول اور 2026 سے 2030 تک اقتصادی تعاون کے پروگرام پر دستخط کیے۔ اجلاس میں گزشتہ نشست کے فیصلوں پر عمل درآمد اور تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، صنعتی ترقی، زراعت اور دیگر شعبوں میں تعاون کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک نے ادویہ سازی، ٹرانسپورٹ روابط، تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا، جب کہ منڈیوں تک رسائی بہتر بنانے، سرمایہ کاری میں سہولت اور کاروباری اداروں کے درمیان روابط مضبوط کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
پاکستان اور روس نے تجارتی تعلقات کو وسعت دینے، طے شدہ اقدامات پر مؤثر عمل درآمد اور ادارہ جاتی روابط برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے دوطرفہ شراکت داری کو ٹھوس اقتصادی نتائج میں تبدیل کرنے کے لیے مشترکہ اقدامات پر اتفاق کیا۔
پاکستان اور روس کے درمیان بین الحکومتی کمیشن کا 10واں اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا تھا، جب کہ 12واں اجلاس 2027 میں پاکستان میں ہوگا۔
