سندھ کے سرکاری کالجز میں طلباء کی 75 فیصد حاضری لازمی قرار دے دی گئی

سندھ کے سرکاری کالجز میں طلباء کی 75 فیصد حاضری لازمی قرار دے دی گئی

کالجز کی کارکردگی کا انحصار طلبہ کے داخلوں، حاضری اور انتظامی نظم و ضبط پر ہے، سیکریٹری کالجز

سندھ کے سرکاری کالجز میں طلبہ کے لیے 75 فیصد حاضری لازمی قرار دے دی گئی، مقررہ حاضری پوری نہ کرنے والے طلبہ امتحانات میں شرکت کے اہل نہیں ہوں گے۔

سیکریٹری کالجز سندھ ندیم الرحمٰن میمن کی صدارت میں طلبہ کی حاضری یقینی بنانے کے لیے محکمہ کالجز اور سندھ پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن (سپلا) کے اشتراک سے پہلی مشاورتی کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں کراچی کے سرکاری کالجز کے پرنسپلز نے شرکت کی۔

کانفرنس میں کالجز میں طلبہ کی کم حاضری کے اسباب، تعلیمی مسائل اور حاضری بہتر بنانے کے لیے قابل عمل حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جب کہ سپلا کی جانب سے حاضری کے نظام کو ڈیجیٹلائز کرنے کا مطالبہ بھی سامنے آیا۔

سیکریٹری کالجز ندیم میمن نے کہا کہ کالجز کی کارکردگی کا انحصار طلبہ کے داخلوں، حاضری اور انتظامی نظم و ضبط پر ہے، اس لیے پرنسپلز اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کریں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ تمام پرنسپلز اور متعلقہ عملے کو انتظامی امور، قیادت اور مالیاتی نظم و نسق سے متعلق خصوصی تربیت فراہم کی جائے گی۔

سپلا کے صدر منور عباس نے کالجز آباد کریں کے نعرے کو عملی شکل دینے اور طلبہ کے مسائل حل کرنے پر زور دیا، جبکہ چیئرمین انٹرمیڈیٹ بورڈ کراچی پروفیسر فقیر محمد لاکھو نے حاضری کے نظام کو ڈیجیٹلائز کرنے کے لیے خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کی تجویز پیش کی۔

شرکاء نے حاضری بہتر بنانے اور تعلیمی نظم و ضبط کے فروغ کے لیے مشاورتی کانفرنس کو اہم سنگ میل قرار دیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے