بلاول بھٹو نے پنجاب کو 4 حصوں میں تقسیم کرنے کی تجویز مسترد کردی
سازشی عناصر جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کی جدوجہد کو متنازع بنانے سے گریز کریں، چیئرمین پیپلز پارٹی
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پنجاب کو چار صوبوں میں تقسیم کرنے کی تجویز سے اختلاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی جماعت صرف جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنانے کی حمایت کرتی ہے۔
رحیم یار خان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پاکستان اس وقت معاشی مشکلات کی شدید لپیٹ میں ہے، مہنگائی اور غربت نے عوام کو پریشان کر رکھا ہے جبکہ نوجوان بھی مستقبل کے حوالے سے بے یقینی کا شکار ہیں، کسانوں کو اپنی فصلوں کی مناسب قیمت نہیں مل رہی اور حکمرانوں کو ان مسائل کی جانب توجہ دلانے کی ضرورت ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ان کی جماعت غریبوں کے حقوق کی نمائندگی کرتی ہے اور موجودہ معاشی بحران کے حقیقی مسائل پر توجہ مرکوز کرنے کی کوشش کر رہی ہے، یہ وقت سیاسی انتقام کا نہیں بلکہ عوامی مشکلات حل کرنے کا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے خبردار کیا کہ سازشی عناصر جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کی جدوجہد کو متنازع بنانے سے گریز کریں، جنوبی پنجاب کا صوبہ کسی خفیہ یا بیک ڈور طریقے سے نہیں بنایا جائے گا بلکہ اس مقصد کے لیے سیاسی جدوجہد کی جائے گی۔
انہوں نے بھرپور حمایت پر مخدوم سید احمد محمود اور ان کے صاحبزادوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ایک بار پھر واضح کیا کہ پیپلز پارٹی پنجاب کو چار حصوں میں تقسیم کرنے کے بجائے جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنانے کی حامی ہے۔
