روزانہ ایک سیب کھانا واقعی دائمی امراض سے بچاتا ہے، ماہرین کیا کہتے ہیں؟

ماضی کی مشہور کہاوت ہے کہ ایک سیب روزانہ کھانا معالج سے دور رکھتا ہے یہی وجہ ہے لوگوں کی بڑی تعداد نہ صرف سیب کو اپنی غذا میں شامل رکھتی بلکہ اسے مختلف کھانوں اور مشروبات میں بھی استعمال کرتی ہے، تاہم ایک نئی تحقیق میں اس کے مزید فوائد سامنے آئے ہیں۔

تحقیق کے مطابق تازہ پھلوں اور سبزیوں کا مناسب استعمال ٹائپ 2 ذیابیطس کے مریضوں میں صحت کو بہتر بنانے کے ساتھ بلڈ شوگر کو قابو میں رکھنے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔

جرنل آف نیوٹریشن میں شائع ہونے والی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ ٹائپ 2 ذیابیطس  اور ہائی بلڈ شوگر کے شکار افراد اگر اپنی روزمرہ خوراک میں صرف ایک اضافی سیب یا کسی دوسرے پھل اور سبزی کی مناسب مقدار شامل کریں تو اس سے جسمانی وزن اور نقصان دہ کولیسٹرول میں کمی آسکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: دو رنگوں والا نایاب سیب نیوزی لینڈ میں لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گیا

آسٹریلیا کے جارج انسٹی ٹیوٹ سے وابستہ محققین کے مطابق متوازن غذا اچھی صحت کے لیے بنیادی اہمیت رکھتی ہے تاہم بہت سے لوگ روزانہ مطلوبہ مقدار میں پھل اور سبزیاں استعمال نہیں کرتے۔

تحقیق میں ذیابیطس ٹائپ 2 کے 50 مریضوں کو شامل کیا گیا، جنہیں 12 ہفتوں تک صحت بخش غذا فراہم کی گئی۔

12 ہفتوں کے دوران شرکا کے جسمانی وزن، خوراک اور خون میں کولیسٹرول کی سطح میں نمایاں بہتری دیکھی گئی۔ محققین کا کہنا ہے کہ نتائج سے اس بات کے شواہد ملتے ہیں کہ صحت بخش اور متوازن غذا ذیابیطس کے مریضوں کی مجموعی صحت بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔

محققین کے مطابق اس تحقیق کو مزید بڑے پیمانے پر جاری رکھنے کی ضرورت ہے تاکہ پھلوں اور سبزیوں کے استعمال سے حاصل ہونے والے صحت کے فوائد کی مزید تصدیق کی جاسکے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ذیابیطس کے مریض اپنی خوراک میں پھل اور سبزیاں شامل کرنے کے ساتھ مجموعی غذا، مقدار اور بلڈ شوگر پر بھی توجہ دیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے