گاجر تمام سبزیوں میں سب سے صحت بخش سبزی تصور کی جاتی ہے اور اپنے صحت بخش اجزاء کی بنا پر سپر فوڈ میں بھی شامل ہیں۔
گاجر میں بیٹا کیروٹین، وٹامن اے، فائبر اور مختلف اینٹی آکسیڈنٹس جیسے صحت بخش اجزاء کثیر مقدار میں پائے جاتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق گاجر کو خوراک کا حصہ بنانے سے آنکھوں کے ساتھ مجموعی صحت بہتر بنانے میں مدد ملتی ہے جس طرح اسے کچا کھانا مفید ثابت ہوتا ہے اسی طرح اس کا رس بھی قدرتی پاور ہاؤس ہے۔
گاجر کے رس میں چند عام اور آسانی سے دستیاب اجزا شامل کرکے اس کے ذائقے اور غذائی خصوصیات میں اضافہ کیا جاسکتا ہے جو یہاں بتائے جارہے ہیں۔
لیموں کا رس
گاجر کے جوس میں تھوڑا سا لیموں کا رس شامل کرنے سے اس کا ذائقہ مزید خوشگوار ہوجاتا ہے۔ لیموں میں وٹامن سی، سائٹرک ایسڈ اور مختلف نباتاتی مرکبات پائے جاتے ہیں۔
لیموں کا رس گاجر کی قدرتی مٹھاس کو متوازن کرنے کے ساتھ مشروب میں وٹامن سی کی مقدار بھی بڑھاتا ہے جو جسم کے مدافعتی نظام کے معمول کے کام کے لیے اہم غذائی جز ہے۔
ادرک
گاجر کے جوس میں ادرک کا ایک چھوٹا سا ٹکڑا شامل کر کے اسے ہلکا سا تیز اور گرم مشروب بنایا جاسکتا ہے ادرک میں جنجرول اور دیگر نباتاتی مرکبات پائے جاتے ہیں۔ جبکہ ماضی میں کی جانے والی تحقیق میں ادرک کے ممکنہ سوزش کم کرنے والے اور ہاضمے سے متعلق فوائد سامنے ائیں ہیں۔
اگر ادرک کا ذائقہ پسند ہو تو تازہ ادرک کی تھوڑی مقدار گاجر کے جوس کو مزید بہتر بنا سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: گاجر کا جوس کس طرح قوت مدافعت بڑھا سکتا ہے؟
سنگترے کا رس
گاجر اور سنگترے کا امتزاج بھی ذائقے کے لحاظ سے اچھا ہوسکتا ہے۔ سنگترے میں وٹامن سی اور اینٹی آکسیڈنٹس پائے جاتے ہیں۔
کچھ تحقیقات میں سنگترے کے رس کے استعمال اور جسم میں اینٹی آکسیڈنٹ صلاحیت اور بعض سوزش سے متعلق علامات کے درمیان تعلق کا جائزہ لیا گیا ہے۔
گاجر اور سنگترے کو ملا کر بنایا گیا جوس ذائقے میں میٹھا اور تازہ ہوتا ہے، لیکن اس میں اضافی چینی ڈالنے سے گریز کرنا بہتر ہے۔
سیب
گاجر کے جوس میں ایک سیب شامل کرنے سے اس میں قدرتی مٹھاس بڑھ جاتی ہے اور ذائقہ بھی بہتر ہوجاتا ہے۔
سیب میں فائبر اور مختلف نباتاتی مرکبات پائے جاتے ہیں، جن میں کوئرسیٹن، کیٹیچن اور کلوروجینک ایسڈ شامل ہیں۔ سیب میں موجود یہ مرکبات اینٹی آکسیڈنٹ خصوصیات رکھتے ہیں۔
تاہم اگر جوس بنایا جارہا ہو تو یہ بات یاد رکھنا ضروری ہے کہ پورا سیب کھانے کے مقابلے میں جوس میں فائبر کی مقدار کم ہوسکتی ہے۔ اس لیے مجموعی صحت کے لیے پورے پھل اور سبزیاں کھانا بھی اہم ہے۔
گاجر کا غذائیت سے بھرپور مشروب بنانے کے لیے 2 سے 3 گاجریں، آدھا سیب، تھوڑا سا تازہ ادرک، آدھا لیموں، تھوڑا سا سنگترے کا رس۔ ان تمام اجزا کو بلینڈ کرکے یا جوسر میں ڈال کر اچھی بلینڈ کرکے استعمال کریں۔
نوٹ: یہ جوس صحت بخش غذا کا حصہ ہوسکتا ہے، لیکن اسے کسی بیماری کا علاج یا جسم کو “ڈیٹاکس” کرنے کا ثابت شدہ طریقہ نہیں سمجھنا چاہیے۔ خاص طور پر ذیابیطس یا کسی دوسری بیماری میں مبتلا افراد استعمال سے قبل اپنے معالج سے رابطہ کریں۔
