پشاور میں 7 روز کے لیے دفعہ 144 نافذ، ریلیوں اور جلوسوں پر پابندی
پشاور میں پیٹرول بم، تیز دھار آلات اور اسلحہ لے کر چلنے پر بھی پابندی عائد۔
پشاور: ضلعی انتظامیہ نے سیکیورٹی خدشات اور امن و امان کی خراب صورتحال کے پیش نظر پشاور میں 7 روز کے لیے دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے ریلیوں، جلوسوں اور پانچ یا اس سے زائد افراد کے اجتماع پر پابندی عائد کردی۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق دفعہ 144 کے نفاذ کے دوران شہر میں ریلیوں اور جلوسوں کے انعقاد کی اجازت نہیں ہوگی جب کہ پانچ یا اس سے زیادہ افراد کے ایک جگہ جمع ہونے پر بھی پابندی ہوگی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی تھریٹ اور امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر یہ اقدام کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جاسکے۔
ضلعی انتظامیہ نے پشاور میں پیٹرول بم، تیز دھار آلات اور اسلحہ لے کر چلنے پر بھی پابندی عائد کردی ہے۔
انتظامیہ کے مطابق دفعہ 144 کا نفاذ 7 روز تک برقرار رہے گا۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ جاری کردہ پابندیوں پر عمل کریں۔
