ایل پی جی بحران شدت اختیار کرگیا، 24 گھنٹوں میں فی کلو قیمت 80 روپے بڑھ گئی
ایران کے ساتھ تجارت کا نظام اچانک معطل ہونے سے ایل پی جی کی سپلائی متاثر ہوئی ہے، ایل پی جی مارکیٹرز ایسوسی ایشن
کراچی: پاکستان میں ایل پی جی کی سپلائی متاثر ہونے سے بحران شدت اختیار کرنے کا خدشہ پیدا ہوگیا، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران فی کلو قیمت میں 80 روپے اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جب کہ سپلائی مزید بند رہی تو قیمت 150 سے 200 روپے فی کلو تک بڑھ سکتی ہے۔
ایل پی جی مارکیٹرز ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین محمد علی حیدر کا کہنا ہے کہ ایران کے ساتھ تجارت کا نظام اچانک معطل ہونے سے ایل پی جی کی سپلائی متاثر ہوئی ہے جس کے باعث مارکیٹ میں قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔
محمد علی حیدر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ایل پی جی کی قیمت میں 80 روپے فی کلو اضافہ ہوا ہے جب کہ کراچی میں ایل پی جی 530 روپے فی کلو تک فروخت کی جارہی ہے جب کہ زمینی حقائق کے مطابق ایل پی جی کی قیمت 370 روپے فی کلو مقرر کرنے پر اتفاق ہوا تھا۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ایران سے ایل پی جی کی سپلائی مزید دو سے تین روز تک بند رہی تو قیمت میں 50 سے 100 روپے فی کلو مزید اضافہ ہوسکتا ہے جب کہ سپلائی کی بندش برقرار رہنے کی صورت میں قیمت 150 سے 200 روپے فی کلو تک بڑھنے کا خدشہ ہے۔
ایل پی جی مارکیٹرز ایسوسی ایشن کے رہنما نے کہا کہ پاکستان میں روزانہ ساڑھے 4 ہزار سے 5 ہزار ٹن ایل پی جی کی سپلائی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ پاکستان کی درآمدی ایل پی جی کا تقریباً 70 فیصد انحصار بیرونی سپلائی پر ہے جب کہ درآمدی ایل پی جی کی 80 فیصد سپلائی سرحدی تجارت کے ذریعے آتی ہے۔
محمد علی حیدر نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سرحد پر موجود ایل پی جی کی کھیپوں کو پاکستان آنے کی اجازت دی جائے تاکہ سپلائی کی صورتحال بہتر ہوسکے۔
انہوں نے کہا کہ ایل پی جی کی سپلائی میں اچانک رکاوٹ سے پوری مارکیٹ متاثر ہورہی ہے اور اس صورتحال سے ذخیرہ اندوزوں اور بلیک مارکیٹ میں گیس فروخت کرنے والوں کو فائدہ پہنچ سکتا ہے۔
انہوں نے وفاقی حکومت، وزارت پیٹرولیم اور وزارت تجارت سے مطالبہ کیا کہ ایل پی جی بحران کے حل کے لیے فوری مداخلت کی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایل پی جی کی قیمتوں میں ردوبدل ماہانہ کے بجائے روزانہ یا ہفتہ وار بنیادوں پر ہونا چاہیے تاکہ مارکیٹ کے زمینی حقائق کے مطابق قیمتوں کا تعین کیا جاسکے۔
محمد علی حیدر نے خدشہ ظاہر کیا کہ ایل پی جی کی سپلائی میں رکاوٹ برقرار رہی تو آنے والے موسم سرما میں شہریوں کو مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ گیس کی مسلسل فراہمی یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ قیمتوں میں مزید اضافے اور قلت سے بچا جاسکے۔
