ہیری بروک کی ریکارڈ ساز ڈبل سنچری، ون ڈے کرکٹ میں نئی تاریخ رقم کردی
اس کے ساتھ ہی ہیری بروک ون ڈے انٹرنیشنل میں ڈبل سنچری بنانے والے انگلینڈ کے پہلے کپتان بھی بن گئے
انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک نے سری لنکا کے خلاف بیٹنگ کے میدان میں دھوم مچاتے ہوئے ریکارڈز کی نئی تاریخ رقم کردی۔ انہوں نے صرف 116 گیندوں پر ڈبل سنچری مکمل کرکے ون ڈے انٹرنیشنل میں تیز ترین ڈبل سنچری کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔
سہ ملکی ون ڈے سیریز کے تیسرے میچ میں ہیری بروک نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے سری لنکن بولرز کو بے بس کردیا۔ ان کی اننگز میں 21 چوکے اور 10 چھکے شامل تھے۔ انہوں نے محض 75 گیندوں پر سنچری مکمل کی، جبکہ اگلی 39 گیندوں پر مزید 100 رنز بناکر ڈبل سنچری کا سنگ میل عبور کرلیا۔
ہیری بروک نے اس کارکردگی کے ساتھ بھارت کے شبمن گل کو پیچھے چھوڑ دیا، جنہوں نے 30 ستمبر 2026 کو ویسٹ انڈیز کے خلاف 117 گیندوں پر ڈبل سنچری بنائی تھی۔
انگلش کپتان نے ون ڈے کرکٹ میں انگلینڈ کی جانب سے سب سے بڑی انفرادی اننگز کھیلنے کا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔ اس سے قبل یہ اعزاز بین اسٹوکس کے پاس تھا، جنہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف 182 رنز بنائے تھے۔
پاکستان کی سرزمین پر ون ڈے میچ میں سب سے بڑی انفرادی اننگز کا ریکارڈ بھی اب ہیری بروک کے نام ہوگیا ہے۔ انہوں نے جنوبی افریقا کے گیری کرسٹن کو پیچھے چھوڑا، جنہوں نے 1996 کے ورلڈ کپ میں راولپنڈی کے مقام پر متحدہ عرب امارات کے خلاف 188 رنز کی ناقابلِ فراموش اننگز کھیلی تھی۔
اس کے ساتھ ہی ہیری بروک ون ڈے انٹرنیشنل میں ڈبل سنچری بنانے والے انگلینڈ کے پہلے کپتان بھی بن گئے۔
ان کی تباہ کن بیٹنگ کی بدولت انگلینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 429 رنز بنائے اور سری لنکا کو جیت کے لیے 430 رنز کا ہدف دیا۔ یہ پاکستان میں ون ڈے کرکٹ میں کسی بھی ٹیم کا اب تک کا سب سے بڑا مجموعہ ہے۔ اس سے قبل پاکستان نے 2015 میں زمبابوے کے خلاف 3 وکٹوں پر 375 رنز بنائے تھے۔
ہیری بروک کی یہ اننگز نہ صرف انگلینڈ کی کرکٹ تاریخ میں یادگار حیثیت اختیار کرگئی بلکہ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں بھی کئی نئے ریکارڈز قائم کرگئی۔
