سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں؛ پانچ ہفتوں کے دوران دہشت گرد حملوں میں واضح کمی
‘پانچ ہفتوں میں دہشت گرد حملے تقریباً 66 فیصد کم ہوئے’
خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں کے نتیجے میں دہشت گرد حملوں میں واضح کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار کانفلکٹ اینڈ سیکیورٹی اسٹڈیز کی نئی رپورٹ کے مطابق پانچ ہفتوں میں دہشت گرد حملے تقریباً 66 فیصد کم ہوئے، 18 سے 24 ستمبر کے 61 حملے 16 سے 22 اکتوبر تک 21 رہ گئے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ پاکستان میں عسکریت پسندوں کے حملوں میں گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں 38 فیصد کمی ہوئی، 16 سے 22 اکتوبر تک دہشت گرد حملوں میں زخمی افراد کی تعداد بھی گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں 20 سے کم ہوکر 11 رہ گئی۔
پی آئی سی ایس ایس کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے 10 آپریشنز کے دوران 33 عسکریت پسندوں کو جہنم واصل کیا۔
رپورٹ میں فتنہ الہندوستان میں قیادت کے تنازع اور فتنہ الخوارج کی بدلتی پروپیگنڈا حکمت عملی کے اثرات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
