حیرت انگیز فیچرز لیے دنیا کا پہلا ٹچ اسکرین کمپیوٹر ماؤس متعارف

دورجدید میں مختلف ڈوائسز کو اس طرح تیار کیا جارہا ہے تاکہ ایک ہی وقت میں ان سے کئی طرح کے کام لیے جاسکے اسی سوچ کو مد نظر رکھتے ہوئے ٹیکنالوجی کمپنی آرکٹک فاکس نے ایک منفرد کمپیوٹر ماؤس متعارف کرایا ہے جو ماؤس کے ساتھ بہت ساری سہولت فراہم کرتا ہے۔

سپر ماؤس نامی اس ڈیوائس کی سب سے خاص بات اس میں نصب 3.1 انچ کی ٹچ اسکرین ہے جس کے ذریعے صارفین مختلف شارٹ کٹس اور کمپیوٹر کنٹرولز تک فوری رسائی حاصل کرسکتے ہیں۔

سپر ماؤس کے حوالے سے کمپنی کی جانب سے دعویٰ کیا جارہا ہے کہ یہ حیرت انگیزماؤس صارفین کے کام کی رفتار اور پیداواری صلاحیت میں اضافہ کرنے میں مدد گار ثابت ہوگا۔

اس انوکھے ماؤس کا وزن 95 گرام ہے جبکہ یہ عام روایتی ماؤس کی نسبت زیادہ چوڑا اور چپٹا ہے۔ فی الحال اس میں وائرلیس کنکٹیویٹی کی سہولت موجود نہیں ہے اور استعمال کرنے کے لیے اسے یو ایس بی-سی کے ذریعے کمپیوٹر سے منسلک کرنا ہوگا۔

اس ماؤس کی تیاری کا بنیادی مقصد اسے روایتی ماؤس بجائے ایک قابلِ پروگرام کنٹرول پیڈ کی خصوصیات فراہم کرنا ہے تاکہ صارفین اپنی میز پر متعدد چھوٹی ڈیوائسز رکھنے کی جھنجھٹ سے دور رہیں۔

ماؤس کے ذریعے کرسر کنٹرول کرنے کے ساتھ مختلف پروگرامز اور کاموں کے لیے حسبِ ضرورت شارٹ کٹس بھی استعمال کیے جاسکیں گے۔

اس کے اوپری حصے میں نصب 3.1 انچ کی ٹچ اسکرین تاریخ، وقت اور اہم شارٹ کٹس دکھاتی ہے۔ اس کا انٹرفیس اسمارٹ فون کی اسکرین سے مشابہ ہے، جہاں صارفین مختلف ایپس کے آئیکنز پر براہِ راست ٹیپ کرکے انہیں استعمال کرسکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: صرف دائیں ہاتھ سے چلنے والا دنیا کا سب سے چھوٹا ماؤس تیار

شارٹ کٹس کے علاوہ اسکرین کا پس منظر اور روشنی کی شدت بھی تبدیل کی جاسکتی ہے۔ اس مقصد کے لیے کمپنی نے ایک معاون ڈیسک ٹاپ ایپ تیار کی ہے، جو ونڈوز اور میک او ایس دونوں کے ساتھ مطابقت رکھتی ہے۔

میوزک اور گوگل کیلنڈر تک فوری رسائی

ماؤس کی ٹچ اسکرین پر میوزک پلیئر اور گوگل کیلنڈر جیسی سہولیات بھی استعمال کی جاسکتی ہیں۔ صارفین موسیقی کے ٹریکس تبدیل کرنے یا آئندہ میٹنگز کی یاددہانی دیکھنے کے لیے کمپیوٹر پر الگ ایپس کھولنے سے بچ سکیں گے۔

معاون ایپ کے ذریعے مختلف سرگرمیوں کے لیے الگ الگ شارٹ کٹ سیٹس بنائے جاسکتے ہیں، جن میں دفتری کام، تصاویر اور ویڈیوز کی ایڈیٹنگ اور گیمنگ شامل ہیں۔

سپر ماؤس کمپیوٹر پر کھلی ہوئی ایپلی کیشن کی شناخت بھی کرسکتا ہے اور اسی کے مطابق ٹچ اسکرین پر متعلقہ شارٹ کٹس ظاہر کرتا ہے۔ اس فیچر کا مقصد صارفین کا وقت بچانا اور کام کو آسان بنانا ہے تاہم یہ واضح نہیں کہ اس سہولت سے عملی طور پر کتنا وقت بچایا جاسکے گا۔

ٹچ اسکرین پر غیر ارادی طور پر کسی ایپ یا کمانڈ کے فعال ہونے سے بچانے کے لیے بھی خصوصی انتظام کیا گیا ہے۔

آرکٹک فاکس کے مطابق ماؤس کو اس انداز میں ڈیزائن کیا گیا ہے کہ استعمال کے دوران صارف کی ہتھیلی اسکرین سے دور رہے۔ اس میں حادثاتی ٹچ کی شناخت کرنے والا نظام بھی شامل ہے، جو غیر ارادی کمانڈز کو روکنے میں مدد دیتا ہے۔

90 سے زائد زبانوں میں وائس ٹائپنگ

سپر ماؤس محدود پیمانے پر کی بورڈ کا متبادل بھی بن سکتا ہے یہ 90 سے زائد زبانوں میں وائس ڈکٹیٹیشن یعنی بول کر تحریر کرنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔

ڈیوائس کے تخلیق کاروں کے مطابق، وائس ان پٹ کی پروسیسنگ کلاؤڈ کنکشن کے بغیر کی جاتی ہے، جس سے صارفین کا ڈیٹا نجی رہتا ہے۔

اس کے علاوہ صارفین اسکرین پر موجود ورچوئل کی بورڈ پر انگلی پھیر کر بھی ٹائپ کرسکتے ہیں بالکل اسی طرح جیسے اسمارٹ فون پر سوائپ کرکے الفاظ لکھے جاتے ہیں۔

ٹچ اسکرین ٹریک پیڈ میں بھی تبدیل ہوسکے گی

اس ڈیوائس کی ٹچ اسکرین کو دو مرتبہ ٹیپ کرکے ٹریک پیڈ کے طور پر بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔ اس موڈ میں صارفین اسکرولنگ، سوائپنگ اور زومنگ جیسے کام انجام دے سکیں گے۔

اس میں مخصوص اشاروں کے ذریعے کمانڈز دینے کی سہولت بھی موجود ہے۔ مثال کے طور پر، انگلی سے دائرہ بنانے پر کوئی عمل واپس کیا جاسکتا ہے، جبکہ مثلث بنانے سے کام محفوظ ہوجاتا ہے۔

قیمت اور دستیابی

سپر ماؤس تین رنگوں، پیلے، سفید اور سیاہ میں پیش کیا جائے گا، کِک اسٹارٹر مہم کے تحت اسے 199 امریکی ڈالر میں حاصل کیا جاسکتا ہے، جبکہ اس کی متوقع مارکیٹ قیمت 249 ڈالر مقرر کی گئی ہے۔

کمپنی کے مطابق، اگر فنڈنگ مہم کامیاب رہی تو ڈیوائس کی ترسیل فروری 2027 میں شروع ہونے کی توقع ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے