52 سالہ فیصل قریشی کی غیرمعمولی فٹنس؛ نوجوان بھی دیکھ کر دنگ رہ گئے
فیصل قریشی کی فٹنس نے سب کو حیران کردیا
پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار فیصل قریشی نے اپنی فٹنس اور مضبوط جسم کا راز بتاتے ہوئے مداحوں کو صحت مند طرزِ زندگی اپنانے کا اہم پیغام دیا ہے۔
حال ہی میں اداکار نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر جم میں ورزش کے دوران اپنی ایک تصویر شیئر کی جس میں وہ اپنے مسلز کی نمائش کرتے دکھائی دیے۔
فیصل قریشی نے بتایا کہ وہ گزشتہ 6 سال سے باقاعدگی سے ورزش کررہے ہیں تاہم انہیں صحت مند غذا اور مناسب غذائیت کی اہمیت کا صحیح اندازہ صرف 2 سال قبل ہوا۔
اداکار کا کہنا تھا کہ بہترین جسمانی فٹنس کے لیے صرف سخت ورزش کرنا کافی نہیں بلکہ متوازن غذا، مناسب مقدار میں خوراک، جسم کو درکار وٹامنز اور مکمل آرام بھی اتنی ہی اہمیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمر بڑھنے کے ساتھ جسمانی تبدیلیوں کے نتائج حاصل کرنے میں وقت لگ سکتا ہے تاہم مستقل مزاجی اور نظم و ضبط کے ذریعے مطلوبہ اہداف حاصل کیے جاسکتے ہیں۔
دوسری جانب فیصل قریشی کی اہلیہ ثنا فیصل نے بھی ان کی تصویر پر محبت بھرے انداز میں تبصرہ کرتے ہوئے انہیں ’مائی فارایور ہاٹی‘ قرار دیا جس سے سوشل میڈیا پر ان کے مداحوں کی توجہ حاصل ہوئی۔
