شہرقائد میں راتیں خنک، دن میں گرمی برقرار
کراچی میں اس وقت 8 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے شمال مشرقی ہوائیں چل رہی ہیں
شہرقائد میں موسم بدلنے لگا اور راتیں ٹھنڈی ہونا شروع ہوگئی ہیں تاہم دن کے اوقات میں گرمی بدستور برقرارہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج کم سے کم درجہ حرارت 21 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 52 فیصد ہے۔
شہرقائد میں موجودہ درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا یا جبکہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں اس وقت 8 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے شمال مشرقی ہوائیں چل رہی ہیں آج مطلع صاف رہے گا تاہم بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔
دوسری جانب آلودہ شہروں کی فہرست میں لاہور آج پہلے اور کراچی چھٹے نمبر پر آگیا۔
اے کیو آئی انڈیکس کے مطابق لاہور کی فضا خطرناک حد تک مضر صحت جبکہ کراچی کی فضا مضر صحت قرار دی جارہی ہے۔
لاہور کی فضا میں آلودہ ذرات کی تعداد 352 جبکہ کراچی کی فضا میں 170 پرٹیکیولیٹ میٹر ریکارڈ کی گئی۔
اے کیو آئی کی درجہ بندی کے مطابق 150 تا 200 پرٹیکیولیٹ میٹر مضر صحت کی نشان دہی کرتا ہے جبکہ 200 تا 300 شدید مضر صحت جبکہ 300 سے زائد خطرناک حد تک مضر صحت کی نشان دہی کرتا ہے۔
