دانتوں کی صحت سے جڑی ہے آپ کی مجموعی صحت، تاہم ایک نئی تحقیق کے مطابق اب یہ آپ کی عمر کے حوالے سے بھی کئی راز افشاں کر سکتے ہیں۔
دانتوں کی صحت انسان کی مجموعی صحت اور عمر کے حوالے سے اہم اشارے فراہم کر سکتی ہے۔ جاپان میں ہونے والی ایک نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ صحت مند اور بروقت علاج شدہ دانت رکھنے والے افراد میں جلد موت کا خطرہ نسبتاً کم ہوتا ہے۔
طبی جریدے بی ایم سی اورل ہیلتھ میں شائع ہونے والی اس تحقیق میں اوساکا یونیورسٹی کے محققین نے 75 سال یا اس سے زائد عمر کے تقریباً ایک لاکھ 90 ہزار افراد کے طبی اور دانتوں کے ریکارڈ کا جائزہ لیا۔
تحقیق کے دوران ہر دانت کو صحت مند، فلنگ شدہ، خراب یا غائب ہونے کی بنیاد پر درجہ بند کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: روزانہ برش کرنے کے باوجود دانت کیوں ٹوٹتے اور گرتے ہیں؟ اہم وجوہات جانیے
تحقیق کے نتائج کے مطابق صحت مند دانت رکھنے والے یا بروقت دانتوں کا علاج کروانے والے افراد میں موت کا خطرہ کم پایا گیا جبکہ خراب دانتوں یا زیادہ دانتوں سے محروم افراد میں یہ خطرہ نسبتاً زیادہ تھا۔
محققین کا کہنا ہے کہ صرف قدرتی دانتوں کی تعداد ہی اہم نہیں بلکہ دانتوں کی مجموعی صحت اور بروقت علاج بھی انسانی صحت پر اثر انداز ہوتا ہے۔
ماہرین کے مطابق خراب یا غائب دانت جسم میں سوزش، دیگر بیماریوں، خوراک چبانے میں دشواری اور غذائی کمی کا باعث بن سکتے ہیں۔
تحقیق میں دانتوں کے بروقت علاج کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ خراب دانتوں کی مرمت نہ صرف منہ کی صحت بلکہ مجموعی جسمانی صحت کو بہتر بنانے اور طویل المدتی طبی خطرات کم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔
