ریفرنڈم زیادہ دور کی بات نہیں جلد ہو جائے گا، خواجہ آصف

ریفرنڈم زیادہ دور کی بات نہیں جلد ہو جائے گا، خواجہ آصف

ایسا نہیں ہونا چاہیے کہ صرف ایک صوبے کی تقسیم ہو اور دوسرے اس عمل سے باہر رہیں، وزیر دفاع

وزیر دفاع خواجہ آصف نے ملک میں ریفرنڈم کے جلد انعقاد کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ریفرنڈم زیادہ دور کی بات نہیں، ان شاء اللہ نئے سال کے اوائل میں ہوجائے گا، تاہم اس حوالے سے حتمی تاریخ نہیں دے سکتا۔

نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ ریفرنڈم کی تجویز پر مختلف سطحوں پر مشاورت اور رابطے جاری ہیں، جبکہ نئے صوبوں کے قیام سے متعلق بحث بھی کسی نہ کسی نتیجے تک پہنچے گی۔ اس معاملے پر جو بھی تجویز سامنے آئے گی، اسے تمام اسٹیک ہولڈرز کے اتفاق رائے سے حتمی شکل دی جائے گی۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ اختلاف رائے ہر کسی کا حق ہے اور کسی کو تحفظات ہیں تو وہ سامنے لاسکتا ہے۔ مشترکہ پلیٹ فارم پر تمام فریقین کی آرا شامل کی جائیں گی اور جن معاملات پر اختلاف ہوگا، ان کا فیصلہ باہمی اتفاق سے کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ آئین میں ریفرنڈم کا طریقہ کار موجود ہے اور اس سے انحراف نہیں کیا جاسکتا۔

خواجہ آصف نے کہا کہ نئے صوبوں کے معاملے پر ابھی کوئی حتمی دستاویز تیار نہیں ہوئی، البتہ گزشتہ تین سے چار ماہ سے انتظامی یونٹس اور نئے صوبوں کے حوالے سے حمایت اور مخالفت میں بحث جاری ہے۔ سندھ یا پنجاب کی تقسیم سے متعلق باتیں درست نہیں، نئے صوبے پورے پاکستان میں بننے چاہئیں، ایسا نہیں ہونا چاہیے کہ صرف ایک صوبے کی تقسیم ہو اور دوسرے اس عمل سے باہر رہیں۔

پیپلز پارٹی کی شکایت پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ شکایت درست تناظر میں نہیں، کیونکہ نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس سے متعلق بحث کافی عرصے سے جاری ہے۔ ان کے مطابق اس معاملے پر سامنے آنے والا ردعمل ہی مشترکہ دستاویز کی تیاری میں مدد دے گا اور حتمی فیصلہ تمام اسٹیک ہولڈرز کی رضامندی سے ہوگا۔

18ویں آئینی ترمیم پر تنقید کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ اس ترمیم کے تحت اختیارات کی حقیقی منتقلی ہوتی تو آج نئے انتظامی یونٹس کی ضرورت پر اس انداز میں بحث نہ ہورہی ہوتی۔ ان کا کہنا تھا کہ ترمیم کے وقت اسے تاریخی کامیابی قرار دیا گیا اور آج بھی اس کا کریڈٹ لیا جاتا ہے، لیکن اس کی اصل روح پر عمل درآمد نہیں ہوا۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ وفاق سے صوبوں کو ملنے والا پیسہ بلدیاتی اداروں تک پہنچنا چاہیے تھا، کیونکہ اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی ضروری ہے۔ ان کے بقول نئے صوبوں سے متعلق جاری مشاورت کے نتائج مثبت ہوں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے