سیکیورٹی فورسز کی بلوچستان میں مختلف کارروائیاں؛ 19 دہشت گرد ہلاک، ایک جوان شہید

سیکیورٹی فورسز کی بلوچستان میں مختلف کارروائیاں؛ 19 دہشت گرد ہلاک، ایک جوان شہید

صوبیدار محمد جمیل نے فرض کی ادائیگی کے دوران جام شہادت نوش کیا، آئی ایس پی آر

راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں مختلف کارروائیاں کے دوران 19 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جب کہ اس دوران ایک جوان نے جام شہادت نوش کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق مختلف کارروائیوں کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کوئٹہ کے علاقے شابان میں سیکیورٹی فورسز نے کلیئرنس آپریشن کیا جس دوران دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے میں بھارتی اسپانسرڈ 13 دہشت گرد ہلاک ہوئے جب کہ دہشتگردوں کے ٹھکانوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد کیا گیا۔

آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ کیچ اور کوئٹہ ویسٹ میں 22 اور 23 ستمبر کو انٹیلی جنس آپریشنز کیے گئے جس دوران مزید 6 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ دہشتگردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں صوبیدار محمد جمیل شہید ہوگئے، جنہوں نے فرض کی ادائیگی کے دوران جام شہادت نوش کیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ 39 سالہ صوبیدار محمد جمیل کا تعلق تونسہ شریف، ضلع ڈیرہ غازی خان سے تھا۔

ترجمان پاک فوج نے مزید کہا کہ عزم استحکام کے تحت دہشت گردی کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری رہیں گی۔ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے