اسکول کرکٹ میں فواد عالم کا دھماکا، 253 رنز کی ناقابل شکست اننگز

اسکول کرکٹ میں فواد عالم کا دھماکا، 253 رنز کی ناقابل شکست اننگز

ٹورنامنٹ کے دوسرے میچ میں بھی فواد عالم کا بلّا رنز اگلتا رہا اور انہوں نے 165 رنز کی شاندار اننگز کھیلی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام فار اسکولز سیزن ٹو میں نوجوان کرکٹر فواد عالم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلے ہی دو میچز میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھا دیے۔

پی سی بی ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام فار اسکولز سیزن ٹو ملک کے 100 اضلاع میں جاری ہے، جس میں 1400 اسکولوں کے کھلاڑی بھرپور جوش و خروش کے ساتھ حصہ لے رہے ہیں۔

اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے فواد عالم نے ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں جی سی آئی ایس اسکول کی نمائندگی کرتے ہوئے ایف 11 اسکول کے خلاف 146 گیندوں پر ناقابل شکست 253 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

فواد عالم نے اپنی اننگز کے ذریعے نہ صرف بڑا انفرادی اسکور بنایا بلکہ اسکول کرکٹ میں اپنی غیر معمولی بیٹنگ صلاحیتوں کا بھی بھرپور اظہار کیا۔

ٹورنامنٹ کے دوسرے میچ میں بھی فواد عالم کا بلّا رنز اگلتا رہا اور انہوں نے 165 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

اسکول کرکٹ میں مسلسل دو میچز میں بڑی اننگز کھیلنے والے فواد عالم نے چیئرمین پی سی بی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اسکول کرکٹ ٹورنامنٹ کے انعقاد پر ان کے شکر گزار ہیں۔

فواد عالم کا کہنا تھا کہ وہ اسکول کرکٹ میں اپنی کارکردگی کے ذریعے آگے بڑھنا چاہتے ہیں اور مستقبل میں مزید اچھی پرفارمنس دینے کی کوشش کریں گے۔

پی سی بی ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام فار اسکولز سیزن ٹو کا مقصد ملک بھر کے اسکولوں میں موجود نوجوان کرکٹرز کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع فراہم کرنا ہے، جس کے تحت ملک کے 100 اضلاع میں 1400 اسکولوں کے کھلاڑی ٹورنامنٹ میں شریک ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے