آزاد کشمیر کے 25 ویں صدر ڈاکٹر نجیب نقی نے حلف اٹھالیا
پولنگ کے دوران مسلم لیگ (ن) کے نامزد امیدوار ڈاکٹر نجیب نقی نے 32 ووٹ حاصل کیے۔
مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر کے نومنتخب صدر ڈاکٹر نجیب نقی نے اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا، حلف برداری کی تقریب میں وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر افتخار علی گیلانی سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔
ڈاکٹر نجیب نقی صدارتی انتخاب میں 32 ووٹ حاصل کرکے آزاد جموں و کشمیر کے 25 ویں صدر منتخب ہوئے تھے جس کے بعد ان کی حلف برداری کی تقریب منعقد ہوئی۔
نومنتخب صدر کی تقریب حلف برداری میں وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر افتخار علی گیلانی بھی شریک ہوئے جب کہ دیگر حکومتی شخصیات اور اعلیٰ حکام نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
آزاد جموں و کشمیر کے نئے صدر کے انتخاب کے لیے قانون ساز اسمبلی کا اجلاس ہوا تھا، جہاں ارکان اسمبلی نے پولنگ کے ذریعے صدارتی امیدوار کا انتخاب کیا۔
پولنگ کے دوران مسلم لیگ (ن) کے نامزد امیدوار ڈاکٹر نجیب نقی نے 32 ووٹ حاصل کیے جب کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار چوہدری لطیف اکبر کے حصے میں 13 ووٹ آئے۔
ایک رکن اسمبلی صدارتی انتخاب کے دوران غیر حاضر رہا جب کہ ڈاکٹر نجیب نقی کو مسلم لیگ (ن) کے 31 ارکان کے علاوہ ایک اتحادی رکن کی جانب سے بھی ووٹ ملا۔
ڈاکٹر نجیب نقی کا تعلق آزاد کشمیر کے پونچھ ڈویژن کے حلقہ سدھنوتی، پلندری سے ہے، وہ اس سے قبل آزاد جموں و کشمیر حکومت میں وزیر صحت کی ذمہ داریاں بھی انجام دے چکے ہیں۔
وہ 2006 سے 2011 تک آزاد کشمیر کے وزیر صحت رہے جب کہ مسلم لیگ (ن) کی 2016 سے 2021 تک حکومت کے دوران بھی محکمہ صحت کی وزارت کا قلمدان ان کے پاس رہا۔
صدارتی انتخاب میں کامیابی اور حلف اٹھانے کے بعد ڈاکٹر نجیب نقی نے باضابطہ طور پر آزاد جموں و کشمیر کے صدر کی آئینی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔
