ٹرمپ اور شی جن پنگ کی ملاقات کے بعد چین کا امریکا کو بڑا تحفہ، دو پانڈے روانہ

ٹرمپ اور شی جن پنگ کی ملاقات کے بعد چین کا امریکا کو بڑا تحفہ، دو پانڈے روانہ

اٹلانٹا چڑیا گھر میں 1999 سے 2024 تک چینی پانڈے موجود رہے

چین نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور چینی صدر شی جن پنگ کی ملاقات کے بعد دو پانڈے امریکا روانہ کر دیے جنہیں آئندہ 10 سال تک ریاست جارجیا کے شہر اٹلانٹا کے چڑیا گھر میں رکھا جائے گا۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق چین کے شہر چینگدو سے پانڈے پنگ پنگ اور فو شوانگ اتوار کی صبح تقریباً 3 بجے خصوصی پرواز کے ذریعے امریکا روانہ ہوئے۔ دونوں پانڈوں کی منتقلی کا معاہدہ پہلے ہی طے پا چکا تھا، تاہم ان کی روانگی کا اعلان چینی صدر شی جن پنگ کے دورۂ واشنگٹن کے دوران کیا گیا۔

چینی خبر رساں ادارے کے مطابق 15 گھنٹے طویل پرواز کے دوران پانڈوں کی خوراک کے لیے بھاپ میں تیار مکئی کی روٹیاں، بانس کی کونپلیں اور گاجریں فراہم کی گئی ہیں، جبکہ امریکی چڑیا گھر کے ماہر نگہداشت کار بھی ان کے ہمراہ سفر کر رہے ہیں۔

سال 2020 میں پیدا ہونے والے دونوں پانڈوں میں نر پنگ پنگ کی عمر 6 سال جبکہ مادہ فو شوانگ آئندہ ماہ 6 سال کی ہو جائے گی۔ اٹلانٹا چڑیا گھر نے ان کی آمد سے قبل رہائشی انتظامات بہتر بنانے کے ساتھ مقامی طور پر اگائے جانے والے بانس کی مستقل فراہمی بھی یقینی بنائی ہے۔

اٹلانٹا چڑیا گھر میں 1999 سے 2024 تک چینی پانڈے موجود رہے تاہم اس کے بعد وہاں کوئی پانڈا نہیں تھا۔ چین کئی دہائیوں سے پانڈوں کو اپنی سفارتی دوستی اور نرم طاقت کے علامتی سفیر کے طور پر مختلف ممالک بھیجتا رہا ہے۔ 1972 میں امریکی صدر رچرڈ نکسن کے تاریخی دورۂ چین کے بعد بیجنگ نے واشنگٹن کو پانڈوں کا ایک جوڑا تحفے میں دیا تھا۔

چین کی جانب سے پانڈوں کی یہ منتقلی ایسے وقت میں ہوئی ہے جب واشنگٹن اور بیجنگ کے درمیان اعلیٰ سطح کے سفارتی روابط جاری ہیں، تاہم حالیہ سربراہی ملاقات میں بڑے معاہدوں کے بجائے علامتی پیش رفت نمایاں رہی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے