سیکیورٹی فورسز کا بلوچستان کےمختلف علاقوں میں آپریشن، 33 دہشت گرد ہلاک

سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کےمختلف علاقوں میں آپریشن کے دوران 33دہشت گرد ہلاک کردیے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)  کے مطابق انٹیلی جنس اداروں نے شعبان، کوئٹہ اور دیگر علاقوں میں مبینہ طور پر بھارتی معاونت یافتہ دہشت گرد گروہوں کے متعدد ٹھکانوں کی نشاندہی کی، جس کے بعد 21 ستمبر کو زیارت اور گردونواح میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی شروع کی گئی۔

 آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور متعدد ٹھکانے کلیئر کیے گئے۔ کارروائی میں دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران آپریشن میں مزید شدت لائی گئی، جس کے نتیجے میں 23 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ سیکیورٹی فورسز نے وسیع علاقے کو کلیئر کرکے مقامی آبادی کو دہشت گردوں کے خطرے سے محفوظ بنایا۔

شعبان میں کلیئرنس آپریشن دہشت گردی کے خطرے کے مکمل خاتمے تک جاری رہے گا۔

 25 ستمبر کو نوشکی میں بھی انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، جس میں دہشت گردوں کے ایک ٹھکانے پر کارروائی کے دوران 11 مبینہ دہشت گرد ہلاک ہوئے اسی طرح  مند میں بھی سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران 6 دہشت گرد ہلاک کیے گئے جبکہ بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ 96 گھنٹوں کے دوران بلوچستان کے مختلف علاقوں، بالخصوص آپریشن شعبان کے دوران، 71 سے زائد دہشت گرد ہلاک کیے گئے ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ وژن ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں بھرپور عزم کے ساتھ جاری رہیں گی۔ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے غیر ملکی سرپرستی اور معاونت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا بھی اعادہ کیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے