اسلام آباد میں سڑکیں بند ہونے کی خبروں پر وزارت اطلاعات کا ردعمل سامنے آگیا
’اسلام آباد میں کوئی سڑک بند نہیں کی گئی‘
اسلام آباد میں سڑکیں بند کیے جانے کی خبروں کو وزارت اطلاعات و نشریات نے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہریوں کی جان و مال اور آزادانہ نقل و حرکت کے تحفظ کے لیے احتیاطی طور پر کنٹینرز نصب کیے گئے ہیں۔
وزارت اطلاعات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کی ہدایات کی روشنی میں عوامی انفرااسٹرکچر اور حساس تنصیبات کے تحفظ کے لیے حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ ماضی میں پیش آنے والے پرتشدد واقعات کے پیش نظر امن و امان برقرار رکھنے اور شہریوں کے تحفظ کے لیے پیشگی اقدامات ضروری تھے۔
وزارت اطلاعات نے کہا کہ الجزیرہ نے ان حفاظتی اقدامات کو یکطرفہ طور پر ’’سڑکوں کی ناکہ بندی‘‘ کے طور پر پیش کیا جبکہ اسلام آباد کی تمام سڑکیں کھلی ہیں۔
وزارت نے مؤقف اختیار کیا کہ رپورٹ میں ریاست کی امن و امان برقرار رکھنے کی ذمہ داری اور عدالتی و سیکیورٹی تناظر کو نظر انداز کیا گیا جس سے گمراہ کن تاثر پیدا ہوا۔
وزارت اطلاعات نے الجزیرہ کی رپورٹنگ کو گمراہ کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ حقائق کو نظر انداز کرکے منفی تاثر پیدا کرنے کی کوشش کی گئی تاہم اس کے مطابق حقائق کو تبدیل نہیں کیا جاسکتا۔
