پاکستان کا مقامی طور پر تیار کردہ فتح 4 کروز میزائل کا کامیاب تجربہ
فتح 4 کروز میزائل جدید ترین ایویونکس اور نیویگیشنل آلات سے لیس ہے، آئی ایس پی آر
راولپنڈی: پاکستان نے مقامی طور پر تیار کردہ فتح 4 گراؤنڈ لانچڈ کروز میزائل کے توسیع شدہ ورژن کا کامیاب تجربہ کرلیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جدید ایویانکس اور جدید ترین نیوی گیشنل معاون نظام سے لیس یہ ویپن سسٹم طویل فاصلے پر اہداف کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ تجرباتی لانچ کے دوران بہتر درستگی اور بقا کی صلاحیت میں اضافے کے لیے شامل مختلف ذیلی نظاموں کے اضافی تکنیکی پیرامیٹرز کی بھی توثیق کی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا کہ تجرباتی لانچ کا مشاہدہ پاک فوج کے سینئر افسران کے ساتھ سائنسدانوں اور انجینئرز نے کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ صدر مملکت، وزیراعظم، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز اور سروسز چیفس نے فتح 4 کے توسیع شدہ ورژن کے کامیاب تجرباتی لانچ کو سراہا۔
صدر، وزیراعظم، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز اور سروسز چیفس نے اس سنگ میل کے حصول میں کردار ادا کرنے والے تمام افراد کی تکنیکی مہارت، لگن اور عزم کو بھی سراہا۔
