قومی اسمبلی میں کل خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کی قرارداد پیش ہوگی
جاری ایجنڈے کے مطابق قرارداد کی منظوری بھی اجلاس کے اہم امور میں شامل ہے
قومی اسمبلی کے اجلاس میں کل خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ سے متعلق قرارداد منظوری کے لیے پیش کی جائے گی، اجلاس کا آٹھ نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا ہے۔
قومی اسمبلی کا اجلاس کل صبح 11 بجے ہوگا، جس میں وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ سے متعلق آئین کے آرٹیکل 232 کی شق (1) کے تحت دستاویزات پیش کریں گے اور ایمرجنسی کے نفاذ کی قرارداد منظوری کے لیے ایوان میں پیش کریں گے۔
جاری ایجنڈے کے مطابق قرارداد کی منظوری بھی اجلاس کے اہم امور میں شامل ہے۔
اجلاس میں دو توجہ دلاؤ نوٹس بھی شامل کیے گئے ہیں۔ پہلا نوٹس اسلام آباد کے سیکٹر آئی 18 میں کوڑا کرکٹ کا ڈمپنگ اسٹیشن بنانے سے پیدا ہونے والی بدبو اور بیماریوں کے پھیلاؤ سے متعلق ہے، جبکہ دوسرا شمالی بلوچستان میں پانی کی شدید قلت کے حوالے سے ہے۔
اس کے علاوہ صدر مملکت کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب پر اظہارِ تشکر کی قرارداد پر بحث بھی قومی اسمبلی کے ایجنڈے میں شامل ہے۔
