تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں سری لنکا نے پاکستان کو شکست دے دی، سیریز پاکستان کے نام
سری لنکا نے 17.1 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 172 رنز بناکر میچ اپنے نام کرلیا۔
راولپنڈی: سری لنکا نے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی تاہم پاکستان نے تین میچز کی سیریز 1-2 سے اپنے نام کرلی ہے۔
راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکن کپتان کوشل مینڈس نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جس کے بعد پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے صاحبزادہ فرحان نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 47 گیندوں پر 7 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 76 رنز اسکور کیے جب کہ عرفات منہاس 34 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
حسن نواز نے 16، عبدالصمد نے 15 اور فخر زمان نے 12 رنز بنائے۔ عمران رندھاوا 6 اور خواجہ نافع 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ معاذ صداقت اور رضا اللہ کوئی رن نہ بنا سکے۔
سری لنکا کی جانب سے ڈاسن شاناکا نے 3 وکٹیں حاصل کیں، ایشان ملنگا اور نووان تھوشارا نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ وجے کانتھ نے ایک وکٹ حاصل کی۔
169 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا نے 17.1 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 172 رنز بناکر میچ اپنے نام کرلیا۔
سری لنکا کی جانب سے کوشل مینڈس نے 48 گیندوں پر 9 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 87 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی جب کہ کمنڈو مینڈس 40 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
سنتھ جے وردھنے نے 38 رنز اسکور کیے جب کہ لاہیرو اودارا ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے عمران رندھاوا اور عرفات منہاس نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ تیسرے میچ میں شکست کے باوجود پاکستان نے تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز 1-2 سے جیت لی۔
