وزیراعظم سے مکہ دفاعی اتحاد کے پہلے سیکرٹری جنرل کی ملاقات، حکمت عملی پر بریفنگ

وزیراعظم سے مکہ دفاعی اتحاد کے پہلے سیکرٹری جنرل کی ملاقات، حکمت عملی پر بریفنگ

نعمان محمود کی نامزدگی کی توثیق 5 اکتوبر کو ریاض میں اتحاد کی اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کے ہنگامی اجلاس میں کی گئی تھی

وزیراعظم شہباز شریف سے مکہ دفاعی اتحاد کے پہلے سیکریٹری جنرل لیفٹیننٹ جنرل (ر) نعمان محمود نے ملاقات کی اور مکہ معاہدے کے فریم ورک کے تحت دفاعی اور تزویراتی تعاون کو فروغ دینے کے حوالے سے حکمت عملی سے آگاہ کیا۔

لیفٹیننٹ جنرل (ر) نعمان محمود کو معاہدے میں شریک پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ نے مشترکہ طور پر 23 ستمبر کو اتحاد کا پہلا سیکریٹری جنرل مقرر کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

تینوں ممالک نے معاہدے پر 7 اگست کو دستخط کیے تھے، جس کے تحت تینوں میں سے کسی ایک ملک پر حملے کو تمام شریک ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا۔ معاہدے کے تحت اتحاد کا مرکزی سیکریٹریٹ سعودی دارالحکومت ریاض میں قائم کیا جا رہا ہے۔

وزیراعظم آفس کے مطابق شہباز شریف نے نعمان محمود کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارک باد دی اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کو خطے میں امن، اتحاد اور استحکام کے فروغ کے لیے ایک تاریخی سنگِ میل قرار دیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ مکہ دفاعی معاہدے کے تحت پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، دفاع اور علاقائی سلامتی کے لیے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ انہوں نے سعودی عرب کے اپنے دفاع کے جائز حق کی مکمل حمایت کا اعادہ بھی کیا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ “سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے تحفظ کے لیے پاکستان کے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔”

نعمان محمود کی نامزدگی کی توثیق 5 اکتوبر کو ریاض میں اتحاد کی اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کے ہنگامی اجلاس میں کی گئی تھی۔ اجلاس میں سعودی عرب کو درپیش سکیورٹی خطرات اور خطے کی صورتِ حال کا جائزہ لیا گیا۔

دفتر خارجہ کے مشترکہ اعلامیے کے مطابق کمیٹی نے معاہدے کے تحت اجتماعی دفاع کی ذمہ داریوں پر فوری عمل درآمد اور سعودی عرب میں فوجی دستوں کی فوری تعیناتی کے لیے ضروری اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

اجلاس میں مکہ اور مدینہ کو نشانہ بنانے کی کوششوں اور سعودی شہروں و شہری تنصیبات پر حملوں کی مذمت بھی کی گئی تھی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے