بھارت، کاکروچ جنتا پارٹی کے بانی ابھجیت دپکے کو گرفتار کر لیا گیا
دپکے نے جمعے کو احتجاج کی کال دو پارٹی رہنماؤں کی گرفتاری کے خلاف دی تھی
بھارت میں انتخابی اصلاحات کے خلاف احتجاج سے قبل ’کاکروچ جنتا پارٹی‘ کے بانی ابھیجیت دپکے کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق دپکے کو جمعے کے روز نئی دہلی میں احتجاج کی اپیل کرنے کے بعد حراست میں لیا گیا۔ ان کے گروپ کی جانب سے انسٹاگرام پر جاری لائیو ویڈیو میں پولیس اہلکاروں کو انہیں ایک گھر سے نکلنے کے بعد روک کر پولیس گاڑی میں بٹھاتے دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو میں دپکے پولیس اہلکاروں سے کہتے ہیں کہ انہوں نے کوئی قانون نہیں توڑا تو انہیں حراست میں کیوں لیا جا رہا ہے۔ واقعے پر پولیس کا فوری مؤقف سامنے نہیں آیا۔
کاکروچ جنتا پارٹی، اپوزیشن جماعتیں اور طلبہ تنظیمیں رواں ماہ تقریباً روزانہ احتجاج کر رہی ہیں۔ مظاہرین چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ ان کا الزام ہے کہ ووٹر فہرستوں پر نظرثانی کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو فائدہ پہنچایا گیا۔
رپورٹ کے مطابق ووٹر فہرستوں میں تبدیلی کے دوران 13 کروڑ سے زائد ووٹرز کے نام حذف کیے گئے، تاہم الیکشن کمیشن نے کسی سیاسی جماعت کی حمایت کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ غلطی سے حذف ہونے والے ووٹرز دوبارہ اندراج کرا سکتے ہیں۔
دپکے نے جمعے کو احتجاج کی کال دو پارٹی رہنماؤں کی گرفتاری کے خلاف دی تھی، جنہیں احتجاجی مقام پر پابندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مظاہرہ کرنے پر پانچ روز کے لیے جیل بھیجا گیا تھا۔ پولیس نے احتجاج سے قبل دپکے کو مظاہرے سے باز رہنے کی تنبیہ بھی کی تھی۔
