شہد کی تلاش میں ریچھ لائبریری جا پہنچا، کھانے پینے کی چیزوں پر ہاتھ صاف کرکے فرار!

امریکی ریاست کیلیفورنیا میں ایک بھوکا ریچھ لائبریری میں داخل ہوگیا، جہاں اس نے شہد کے جار سمیت کھانے پینے کی کئی چیزیں کھائیں اور پھر وہاں سے چلتا بنا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ دلچسپ واقعہ میمتھ لیکس کی لائبریری میں پیش آیا۔ مونو کاؤنٹی فری لائبریریز نے اس غیر معمولی مہمان کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر شیئر کردی۔

لائبریری انتظامیہ کے مطابق اندر داخل ہوتے ہی ریچھ نے عملے کے لیے رکھی گئی کھانے پینے کی اشیا کا رخ کیا اور پینٹ بٹر، آڑو کے کپ، چند بسکٹ اور شہد کا ایک جار چٹ کر گیا۔

یہ بھی پڑھیں: بھوک سے بے حال ریچھ نے ڈبل روٹی کے اسٹال پر دھاوا بول دیا

دلچسپ بات یہ ہے کہ ریچھ نے صرف کھانے پر ہی اکتفا نہیں کیا بلکہ کچھ دیر لائبریری کی کتابوں کی الماریوں کا جائزہ بھی لیتا رہا جیسے کسی پسندیدہ کتاب کی تلاش میں ہو! بعد ازاں وہ خود ہی لائبریری سے باہر نکل گیا۔

انتظامیہ کے مطابق اس پورے واقعے کے دوران نہ کوئی کتاب خراب ہوئی، نہ کوئی الماری گری اور نہ ہی عمارت کو کسی نقصان کی اطلاع ملی۔

تاہم ریچھ اپنے پیچھے ایک دلچسپ کہانی چھوڑ گیا اور شہد کا جار اپنی جگہ واپس نہ پہنچ سکا۔

یوں اس غیر معمولی مہمان نے لائبریری میں ایسی حاضری لگائی کہ عملہ شاید اسے طویل عرصے تک یاد رکھے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے