پاکستان کے معاشی مستقبل کی تشکیل میں نوجوان کاروباری اہم کردار ادا کرسکتے ہیں؛ ذکریا ضیا
اسلام آباد میں بزنس آئیڈیا مقابلہ 2026 کی تقریب کا انعقاد۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد ذکریا اکبر ضیا نے کہا ہے کہ نوجوانوں میں کاروباری صلاحیتوں اور جدت کے فروغ سے روزگار کے مواقع، صنعتی ترقی اور برآمدات بڑھانے میں مدد مل سکتی ہے۔
اسلام آباد میں بزنس آئیڈیا مقابلہ 2026 کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے نوجوانوں کو مؤثر رہنمائی، عملی تربیت اور مالی وسائل تک رسائی فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
محمد ذکریا اکبر ضیا نے کہا کہ پاکستانی نوجوانوں میں جدید کاروباری خیالات کو کامیاب اور پائیدار کاروبار میں تبدیل کرنے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔
بزنس آئیڈیا مقابلہ 2026 کی تقریب کا انعقاد چیمبر ہاؤس میں کیا گیا جس میں میرا برانڈ پاکستان، انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد کے بزنس انکیوبیشن سینٹر اور صنعتی شراکت داروں نے تعاون کیا۔
آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر محمد اشفاق حسین چھٹہ نے نوجوان کاروباری افراد کی رہنمائی اور معاونت کے لیے سازگار ماحول کی ضرورت پر زور دیا۔
چیمبر کے نائب صدر محمد وقاص خان نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ مؤثر منصوبہ بندی اور عملی اقدامات کے ذریعے اپنے کاروباری خیالات کو کامیاب منصوبوں میں تبدیل کریں۔
تقریب سے انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد کے ہیڈ بزنس انکیوبیشن سینٹر انجینئر محمد احسن مرزا، اسلام آباد چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹریز کے سابق صدر زاہد قریشی، آئی سی سی آئی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن ابرار الحق اور سینئر ممبر اعزاز محمد نے بھی خطاب کیا۔
مقررین نے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی، تعلیمی اداروں اور صنعت کے درمیان تعاون اور نئے کاروبار کے فروغ کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
