دہشت گردی پوری دنیا کی مشترکہ دشمن ہے، عالمی تعاون ناگزیر ہے، محسن نقوی

دہشت گردی پوری دنیا کی مشترکہ دشمن ہے، عالمی تعاون ناگزیر ہے، محسن نقوی

دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی سیکیورٹی اہلکار روزانہ قربانیاں دے رہے ہیں، وزیر داخلہ

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ امن کی بات کی ہے اور عالمی امن کے لیے مذاکرات اور سفارتی روابط کی حمایت جاری رکھے گا، مذاکرات کے دروازے کبھی بند نہیں کیے جا سکتے، دہشت گردی ہم سب کی مشترکہ دشمن ہے جس کے خاتمے کے لیے عالمی تعاون کو فروغ دینا ہوگا۔

دوحا میں گلوبل سیکیورٹی فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ فورم سے خطاب کرنا ان کے لیے اعزاز ہے، قطر عالمی امن کے قیام کے لیے ثالث کی حیثیت سے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشیدہ صورتحال کے باوجود پاکستان نے سفارتی روابط کا سلسلہ جاری رکھا اور امن کے حصول کے لیے تہران کے متعدد دورے کیے۔ انہیں مذاکرات کی پیچیدگیوں کا بخوبی اندازہ ہے، تاہم مسائل کے حل کے لیے بات چیت کا راستہ اختیار کرنا ضروری ہے۔

محسن نقوی نے عالمی امن کے لیے فیلڈ مارشل عاصم منیر کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ امیر قطر اور فیلڈ مارشل نے امن کے لیے 16،16 گھنٹے کام کیا۔ ان کوششوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ خطے میں امن کے قیام کے لیے مسلسل سفارتی رابطے اور سنجیدہ کاوشیں کتنی اہم ہیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی سیکیورٹی اہلکار روزانہ قربانیاں دے رہے ہیں۔ دہشت گردی کسی ایک ملک کا مسئلہ نہیں بلکہ پوری دنیا کے لیے مشترکہ خطرہ ہے، اس لیے اس کے خاتمے کے لیے عالمی سطح پر تعاون اور مشترکہ حکمت عملی ناگزیر ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مکہ میں ہونے والا مشترکہ دفاعی معاہدہ امن کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ پاکستان خطے اور دنیا میں استحکام کے لیے مذاکرات، سفارت کاری اور باہمی تعاون کی حمایت جاری رکھے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے