فیلڈ مارشل کی مالدیپ کے صدر سے ملاقات، دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق
مالدیپ کے صدر نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا، آئی ایس پی آر
اسلام آباد: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اسلام آباد میں مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو سے ملاقات کی جس دوران باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور پاکستان و مالدیپ کے درمیان دوطرفہ تعاون بڑھانے کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں دونوں جانب سے دفاعی تعاون، ادارہ جاتی روابط اور پیشہ ورانہ تبادلوں کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان اور مالدیپ کے درمیان دیرینہ اور دوستانہ تعلقات کو اجاگر کیا۔ اس موقع پر پاکستان کی جانب سے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم بنانے اور تعمیری روابط کے ذریعے علاقائی امن، استحکام اور سلامتی کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
ترجمان پاک فوج نے مزید بتایا کہ مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں کی تعریف کی۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے، دفاعی شعبے میں تعاون بڑھانے اور علاقائی امن و سلامتی کے لیے مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
