پاکستان سمیت چار ممالک کا مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر اظہار تشویش؛ سفارتی کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق
استنبول میں چار ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کا علاقائی صورتحال پر مشترکہ اعلامیہ سامنے آگیا
استنبول: پاکستان، ترکیہ، مصر اور سعودی عرب نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے امن کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
چاروں ممالک کے وزرائے خارجہ کے مشترکہ اعلامیے میں یمن کے حوثی گروپ کی جانب سے سعودی عرب پر مسلسل حملوں کی مذمت کی گئی جبکہ یمن کی حکومت اور سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مملکت کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت کا اعادہ کیا گیا۔
اعلامیے میں حوثی ملیشیا سے مطالبہ کیا گیا کہ اپنی تمام کارروائیاں، دھمکیاں اور حملے فوری طور پر بند کرے تاہم اس دوران امریکا اور ایران کے درمیان فوجی تنازع اور آبنائے ہرمز کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مسائل کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارتکاری کو ترجیح دینے پر زور دیا گیا۔
مشترکہ اعلامیے میں شہریوں، شہری بنیادی ڈھانچے اور جہازوں کو نشانہ بنانے سے گریز کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔ وزرائے خارجہ نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کی حمایت کا اظہار کرتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔
فلسطین کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے چاروں ممالک نے مغربی کنارے اور مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی آبادکاری کی سرگرمیوں کی مذمت کی اور اسرائیل سے پرتشدد کارروائیاں فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کیا جبکہ فلسطینی عوام کے حقوق کی حمایت کا اعادہ بھی کیا گیا۔
وزرائے خارجہ نے اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق دو ریاستی حل پر جلد عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے فلسطین کے مسئلے کے منصفانہ اور پائیدار حل کے لیے بین الاقوامی کوششیں تیز کرنے کا مطالبہ کیا۔
