اسلام آباد پر دھاوا بولنے والوں کو سخت نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا، محسن نقوی
‘اب بھی وقت ہے کہ اپنے لوگوں کو محفوظ کریں، بند گلی میں جانے کا نقصان ہوگا’
لاہور: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ اسلام آباد پر جو بھی دھاوا بولنے کی کوشش کرے گا اسے سخت نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔
محسن نقوی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی کی صورتحال پورا پاکستان دیکھ رہا ہے، کے پی میں شہداء کے جنازوں میں صوبائی حکومت کا کوئی رکن شامل نہیں ہوا، صوبائی حکومت کی بےحسی سب کے سامنے ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلافات کو انتہا تک نہیں لے جانا چاہیے، خیبرپختونخوا سے اسلام آباد پر دھاوا بولنے کے دعوے کیے جارہے ہیں، اسلام آباد پر جو بھی دھاوا بولنے کی کوشش کرے گا اسے سخت نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا، اوچھے ہتھکنڈوں سے کبھی بھی ناجائز مطالبات پورے نہیں ہوتے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی قیادت میں اکثریت لانگ مارچ کی حامی نہیں، اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات بالکل واضح، ان پر من وعن عملدرآمد ہوگا، ایسے طرزعمل سے اپنا اور اپنے لوگوں کا نقصان مت کرائیں، اب بھی وقت ہے کہ اپنے لوگوں کو محفوظ کریں، بند گلی میں جانے کا نقصان ہوگا، اس بار شہر بالکل بھی بند نہیں کرانے دیں گے، اس بار مستقل لائحہ عمل بنائیں گے۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ لانگ مارچ کرنے والوں کو خود بھی نہیں معلوم ان کے مطالبات کیا ہیں؟ اب بڑھکیں مارنے سے کچھ نہیں ہوگا، اس بار کوشش کریں گے کہ ایسے ہتھکنڈوں کا ہمیشہ کے لیے سدباب کیا جائے، ایسے مارچ اور دھرنوں کے باربار متحمل نہیں ہوسکتے۔ بانی پی ٹی آئی کے اسپتال میں چیک اپ کا مطالبہ پورا کرچکے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ خطے کی صورتحال کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہورہا ہے، ہمارے سب سے بڑی کوشش ہے پیٹرول کی سپلائی بند نہ ہو۔
