اسرائیلی انتخابات، نیتن یاہو کے دھاندلی کے الزامات کو انتخابی کمیشن نے مسترد کر دیا

اسرائیلی انتخابات، نیتن یاہو کے دھاندلی کے الزامات کو انتخابی کمیشن نے مسترد کر دیا

ٹھوس شواہد کے بغیر کسی شخص سے پوچھ گچھ نہیں کی جائے گی، اسرائیلی اٹارنی جنرل

اسرائیل کے انتخابی کمیشن نے وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کی جانب سے عرب جماعتوں پر انتخابی دھاندلی کے الزامات مسترد کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ انتخابات کے نتائج ووٹرز کی حقیقی رائے کی عکاسی کرتے ہیں اور انتخابی عمل میں کسی قسم کی بے ضابطگی ثابت نہیں ہوئی۔

اسرائیلی سینٹرل الیکشن کمیٹی کے مطابق انتخابی نتائج پر موصول ہونے والی شکایات کے بعد 9 ہزار 69 پولنگ اسٹیشنز کا آڈٹ کیا گیا، تاہم تحقیقات میں انتخابی عمل کی شفافیت متاثر ہونے کا کوئی ثبوت سامنے نہیں آیا۔

نیتن یاہو مسلسل عرب اکثریتی جماعتوں پر دھاندلی کے الزامات عائد کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے انتخابی روز نقد رقم سے بھرے لفافوں کے ساتھ بعض افراد کی گرفتاریوں اور بعد ازاں ارکان پارلیمنٹ کو قطر سے رقم ملنے کے دعوے بھی کیے تھے۔

دوسری جانب اسرائیلی اٹارنی جنرل گالی بہاراو میارا نے واضح کیا ہے کہ ٹھوس شواہد کے بغیر کسی شخص سے پوچھ گچھ نہیں کی جائے گی۔ اس سے قبل اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ اسرائیلی داخلی سلامتی کے ادارے شن بیت کے سربراہ نے عرب جماعتوں سے تعلق رکھنے والے افراد سے تفتیش کی درخواست کی تھی۔

نیتن یاہو کی جماعت لیکوڈ نے اٹارنی جنرل کے مؤقف پر شدید ردعمل دیتے ہوئے الزام لگایا کہ وہ مبینہ انتخابی مداخلت کی تحقیقات میں رکاوٹ ڈال رہی ہیں۔

ادھر سابق آرمی چیف اور نیتن یاہو کے سیاسی حریف گادی آئزن کوٹ نے لیکوڈ پارٹی پر جمہوریت کے خلاف منظم مہم چلانے کا الزام عائد کیا ہے۔ ان کا مقصد مرکز اور دائیں بازو کی جماعتوں کو متحد کرکے نیتن یاہو کے طویل اقتدار کا خاتمہ کرنا ہے۔

اسرائیلی صدر آئزک ہرزوگ کو 27 اکتوبر کے انتخابات کے سرکاری نتائج موصول ہونے کے بعد حکومت سازی کے لیے نیتن یاہو یا آئزن کوٹ میں سے کسی ایک کو پہلے موقع دینے کا فیصلہ کرنا ہے۔ دونوں رہنماؤں کے پاس تنہا حکومت بنانے کے لیے مطلوبہ حمایت موجود نہیں۔

سیاسی کشیدگی کے دوران آئزن کوٹ نے نیتن یاہو کو ایران کے خلاف نئی جنگ چھیڑنے سے بھی خبردار کیا ہے، ان کا خدشہ ہے کہ ایسا اقدام سیاسی بحران کو مزید گہرا کرنے اور نئی حکومت کی تشکیل کے عمل کو متاثر کرنے کا ذریعہ بن سکتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے