اسلام آباد میں ای سی او وزرائے خارجہ کونسل کا اہم اجلاس، وژن 2035 کی منظوری متوقع

اسلام آباد میں ای سی او وزرائے خارجہ کونسل کا اہم اجلاس، وژن 2035 کی منظوری متوقع

اجلاس میں شرکت کے لیے ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی سمیت دیگر اعلیٰ سطحی وفود اسلام آباد پہنچ چکے ہیں

اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے وزرائے خارجہ کونسل کا 30واں اجلاس جاری ہے جس میں رکن ممالک کے درمیان تجارتی، معاشی اور علاقائی تعاون کو فروغ دینے کے لیے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جارہا ہے۔

اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے وزرائے خارجہ کونسل کا اجلاس جاری ہے جس میں رکن ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو فروغ دینے اور علاقائی روابط مضبوط بنانے کے لیے اہم امور پر غور کیا جا رہا ہے۔

اجلاس کے دوران اسلام آباد اعلامیے کو حتمی منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا اور ای سی او کے اسٹریٹجک اہداف 2035 کی منظوری دی جائے گی۔ ای سی او کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اور سربراہانِ وفود وزیراعظم شہباز شریف سے مشترکہ ملاقات بھی کریں گے۔

وزیراعظم سے ملاقات کے بعد مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ کی دوطرفہ ملاقاتیں شیڈول ہیں۔ اجلاس کے اختتام پر نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی پریس کانفرنس بھی متوقع ہے۔

اجلاس میں ای سی او کے سیکریٹری جنرل تنظیم کی سالانہ کارکردگی اور سرگرمیوں سے متعلق رپورٹ پیش کریں گے جبکہ رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اور وفود کے سربراہان اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔

اجلاس کے ایجنڈے میں ای سی او کے علاقائی اور بین الاقوامی اداروں کے ساتھ تعاون کا جائزہ، مختلف شعبوں کے وزارتی اجلاسوں اور خصوصی اداروں کی رپورٹس کی منظوری بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ تنظیم کے انتظامی اور مالی معاملات پر بھی غور کیا جائے گا۔

شرکا پہلے ہائی لیول کوآرڈینیشن رپورٹ سے متعلق مجوزہ تجاویز کی منظوری دیں گے۔ اجلاس میں ای سی او وزرائے خارجہ کونسل کے آئندہ اجلاس کی تاریخ اور مقام کا تعین بھی کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ اقتصادی تعاون تنظیم کے 10 رکن ممالک اور تین مبصرین ہیں۔ پاکستان میں منعقد ہونے والے اس اجلاس کو خطے میں تجارتی روابط کے فروغ، اقتصادی تعاون میں اضافے اور مشترکہ ترقی کے نئے مواقع تلاش کرنے کے حوالے سے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے