چین پاکستان کو ہر موسم کا اسٹریٹجک شراکت دار سمجھتا ہے، چینی سفیر
‘پاکستان نے خطے سمیت عالمی سطح پر امن و سلامتی کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے’
اسلام آباد: پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ ژائی ڈونگ نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین ہر موسم میں اسٹریٹجک تعاون کے شراکت دار ہیں اور دونوں ممالک مشکل وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔
عوامی جمہوریہ چین کے قیام کی 77ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئےچینی سفیر نے کہا کہ پاکستان اپنی اعلیٰ سفارتی بصیرت کے باعث عالمی سطح پر ایک اہم اور ابھرتے ہوئے کردار کے طور پر سامنے آرہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے خطے سمیت عالمی سطح پر امن و سلامتی کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں پاکستان کے قومی مفادات کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا۔
چینی سفیر کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوئے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے مختلف شعبوں میں پاک چین عملی تعاون کو ہمیشہ اہمیت دی ہے جس سے دوطرفہ شراکت داری کو مزید فروغ ملا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک صنعت، زراعت اور معدنیات کے تین ترجیحی شعبوں پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے سی پیک فیز ٹو کی اعلیٰ معیار کی ترقی کو آگے بڑھائیں گے اور تجارت و سرمایہ کاری کے تعاون کو مزید وسعت دیں گے۔
