پاکستان کا صومالیہ میں 3 پاکستانی کریو ممبران کی ہلاکت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار
پاکستانی سفارتخانے کی ایک ٹیم پاکستانی شہریوں کی معاونت کے لیے بندر بیلا روانہ ہورہی ہے
صومالیہ کے ساحل پر ہائی جیک کیے گئے بحری جہاز ایم ٹی آنر 25 کی بازیابی کے دوران 3 پاکستانی شہریوں سمیت عملے کے 5 ارکان ہلاک جبکہ 4 زخمی ہوگئے پاکستان نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی دیکھ بھال اور میتوں کی وطن واپسی کے لیے ہنگامی اقدامات شروع کردیے۔
ترجمان دفتر خارجہ سجاد حیدر خان کے مطابق جاں بحق پاکستانی شہریوں میں رفیع اللہ خان، سید کاشف عمر اور محمود احمد انصاری شامل ہیں۔ حکومت اور عوام پاکستان نے جاں بحق افراد کے اہلخانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان کے مطابق واقعے میں عملے کے 4 ارکان زخمی بھی ہوئے، جن میں 3 پاکستانی شہری شامل ہیں۔ زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے، جبکہ بحری جہاز کے باقی ماندہ عملے کو بحفاظت بندر بیلا کے ساحل پر پہنچا دیا گیا ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق جبوتی میں پاکستانی سفارتخانے کی ایک ٹیم پاکستانی شہریوں کی معاونت کے لیے بندر بیلا روانہ ہورہی ہے، جبکہ حکومت پاکستان کا مشن اور متعلقہ حکام صومالی حکام سمیت دیگر متعلقہ فریقین سے مسلسل رابطے میں ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ زخمی پاکستانیوں کو مناسب طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے، جبکہ جاں بحق افراد کی میتوں کی پاکستان منتقلی کے انتظامات اور باقی ماندہ پاکستانی عملے کی بحفاظت وطن واپسی یقینی بنانے کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں۔
