خیبر پختونخوا میں گورنر راج کے بعد بڑی کارروائی، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اور جنید اکبر گرفتار

خیبر پختونخوا میں گورنر راج کے بعد بڑی کارروائی، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اور جنید اکبر گرفتار

وزیراعلیٰ ہاؤس میں داخلے کی اجازت محدود کردی گئی، جبکہ وہاں تعینات عملے کی تعداد بھی کم کردی گئی

خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کے بعد سیاسی صورتحال نے نیا رخ اختیار کرلیا وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اور پی ٹی آئی کے صوبائی صدر جنید اکبر کی گرفتاری کی اطلاع سامنے آگئی۔

پی ٹی آئی کے صوبائی صدر جنید اکبر نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اور اپنی گرفتاری کی تصدیق کی۔ تاہم گرفتاری کی وجوہات اور دونوں رہنماؤں کو کہاں منتقل کیا گیا، اس حوالے سے مزید تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔

ذرائع کے مطابق صوبے میں ایمرجنسی اور گورنر راج نافذ ہونے کے بعد وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سے ملاقاتوں پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔ وزیراعلیٰ ہاؤس میں داخلے کی اجازت محدود کردی گئی، جبکہ وہاں تعینات عملے کی تعداد بھی کم کردی گئی۔

دوسری جانب انتظامی امور میں اہم تبدیلی کرتے ہوئے سینیئر بیوروکریٹ ڈاکٹر فخر عالم کو خیبر پختونخوا کا چیف سیکریٹری مقرر کردیا گیا۔

واضح رہے کہ وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد صدر مملکت آصف علی زرداری نے وزیراعظم کی ایڈوائس پر خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ سے متعلق سمری پر دستخط کیے۔ اس اقدام کے لیے آئین پاکستان کے آرٹیکلز 232 اور 234 کا حوالہ دیا گیا، جبکہ صوبے میں سلامتی کی صورتحال کو اس فیصلے کی بنیاد قرار دیا گیا۔

گورنر راج کے نفاذ اور پی ٹی آئی کی اہم صوبائی قیادت کی گرفتاری کی اطلاعات کے بعد خیبر پختونخوا کی سیاسی صورتحال مزید اہم ہوگئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے