پنجاب کے اسکولوں کے اوقات کار تبدیل، نئے اوقات 16 اکتوبر سے نافذ ہوں گے
سنگل شفٹ والے سرکاری اسکول پیر سے جمعرات صبح 8 بج کر 45 منٹ سے دوپہر ڈیڑھ بجے تک کھلیں گے
لاہور: پنجاب کے سرکاری اسکولوں کے اوقات کار تبدیل کردیے گئے ہیں، محکمہ اسکول ایجوکیشن نے نئے اوقات کار کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے جس کے مطابق نئے اوقات 16 اکتوبر 2026 سے 31 مارچ 2027 تک نافذ العمل رہیں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سنگل شفٹ والے سرکاری اسکول پیر سے جمعرات صبح 8 بج کر 45 منٹ سے دوپہر ڈیڑھ بجے تک کھلیں گے جبکہ جمعہ کے روز اسکولوں میں چھٹی دوپہر ساڑھے 12 بجے ہوگی۔
ڈبل شفٹ والے سرکاری اسکولوں میں صبح کی شفٹ پیر سے جمعرات صبح 8 بج کر 45 منٹ سے دوپہر ایک بج کر 15 منٹ تک جاری رہے گی جبکہ جمعہ کے روز صبح کی شفٹ دوپہر ساڑھے 12 بجے ختم ہوگی۔
اسی طرح ڈبل شفٹ اسکولوں کی دوسری شفٹ پیر سے جمعرات دوپہر ڈیڑھ بجے سے شام ساڑھے 4 بجے تک ہوگی جبک جمعہ کے روز دوسری شفٹ دوپہر 2 بجے شروع ہوکر شام ساڑھے 4 بجے تک جاری رہے گی۔
محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب نے تمام چیف ایگزیکٹو آفیسرز (سی ای اوز) ایجوکیشن کو نئے اوقات کار پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کردی ہے۔
نوٹیفکیشن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ طالبات کے اسکولوں کے اوقات کار میں 15 منٹ کا فرق متعلقہ سی ای اوز ایجوکیشن ضرورت کے مطابق ایڈجسٹ کرسکیں گے۔
