سفارتکاری سے متعلق واشنگٹن کا رویہ نامناسب، امریکا وعدوں سے بار بار پیچھے ہٹتا ہے، ایران

سفارتکاری سے متعلق واشنگٹن کا رویہ نامناسب، امریکا وعدوں سے بار بار پیچھے ہٹتا ہے، ایران

‘امریکی صدر کا اعتراف واشنگٹن کے سفارتی وعدوں کی کھوکھلی حیثیت کو ظاہر کرتا ہے’

تہران: ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ واشنگٹن کا سفارتکاری سے متعلق غیر سنجیدہ رویہ ایک بار پھر کھل کر سامنے آگیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں اسماعیل بقائی نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعتراف کیا ہے کہ انہیں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر کبھی یقین نہیں تھا۔ مذاکرات کو وقت کا ضیاع قرار دینا امریکا کے سفارتی وعدوں کی حقیقت کو بے نقاب کرتا ہے۔

ترجمان ایرانی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ واشنگٹن کی اپنے وعدوں سے پیچھے ہٹنے کی طویل تاریخ ہے اور امریکا اپنے مفادات کے لیے بین الاقوامی ذمہ داریوں کو نظرانداز کرتا رہا ہے۔

اسماعیل بقائی نے یورپی ممالک پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ امریکی طرزعمل کا دفاع کرنے یا اس پر پردہ ڈالنے کا اب کوئی جواز باقی نہیں رہا۔ وعدوں کی خلاف ورزی کو کسی صورت درست قرار نہیں دیا جا سکتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بین الاقوامی قانون کا اطلاق من پسند انداز میں نہیں کیا جا سکتا اور واشنگٹن کو اس کے اقدامات کی جواب دہی سے بری الذمہ قرار نہیں دیا جانا چاہیے۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کو فضول اور وقت کا ضیاع قرار دیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے