پشاور میں قبر کھود کر بچی کی لاش نکالنے والا افغان شہری پکڑا گیا
گرفتار شخص گزشتہ ایک ماہ سے مختلف قبروں کو مبینہ طور پر نشانہ بنارہا تھا، مقامی افراد کا دعویٰ
پشاور کے علاقے شیخان میں مقامی افراد نے قبر کھود کر کم سن بچی کی لاش نکالنے والے افغان شہری کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا جس کی ویڈیو بھی سامنے آگئی۔
مقامی افراد کے مطابق مشتبہ شخص کو آج صبح اس وقت پکڑا گیا جب وہ ایک قبر کھود کر بچی کی لاش نکال رہا تھا۔
علاقہ مکینوں نے ملزم کو قابو کرکے شیخان چوکی پولیس کے حوالے کیا جس کے بعد اسے مزید تفتیش کے لیے تھانہ بڈھ بیر منتقل کردیا گیا۔
مقامی افراد کا دعویٰ ہے کہ گرفتار شخص افغان شہری اور افغان مہاجر ہے جو گزشتہ ایک ماہ سے شیخان کے علاقے میں مختلف قبروں کو مبینہ طور پر نشانہ بنارہا تھا۔
علاقہ مکینوں کے مطابق اس دوران بچیوں کی متعدد قبروں سے لاشیں نکالے جانے کا بھی شبہ ہے تاہم ان دعوؤں کی مکمل تصدیق پولیس کی تفتیش کے بعد ہی ہوسکے گی۔
واقعے کی ویڈیو بھی سامنے آئی ہے جس میں مشتبہ شخص کو مقامی افراد کی گرفت میں دیکھا جاسکتا ہے۔
پولیس اس بات کی تحقیقات کررہی ہے کہ گرفتار شخص صرف آج کے واقعے میں ملوث ہے یا گزشتہ ایک ماہ کے دوران دیگر قبروں سے لاشیں نکالنے کے مبینہ واقعات میں بھی اس کا کردار ہے۔
تفتیش میں یہ بھی معلوم کیا جائے گا کہ گرفتار شخص اکیلا تھا یا اس کے ساتھ مزید افراد بھی ملوث ہیں جب کہ مبینہ طور پر متاثر ہونے والی دیگر قبروں کی نشاندہی بھی کی جارہی ہے۔
پولیس کی جانب سے گرفتار شخص کی شناخت، قانونی حیثیت اور اس کے خلاف درج مقدمے کی دفعات سمیت تفتیش میں سامنے آنے والی مزید تفصیلات بھی واضح کی جائیں گی۔
