امریکی انتخابات پر موسم کی یلغار، سیلاب نے پولنگ کا عمل متاثر کردیا
متاثرہ علاقے کے رہائشیوں کو ای میل یا فون کے ذریعے ووٹ ڈالنے کی سہولت فراہم کرنے کا اعلان
امریکا میں مڈٹرم انتخابات کے دوران شدید بارشوں اور سیلاب نے کئی علاقوں میں انتخابی سرگرمیاں متاثر کردیں، فلوریڈا میں پولنگ شروع ہونے سے صرف 45 منٹ قبل سیلابی صورتحال پیدا ہونے پر 18 پولنگ مراکز منتقل کرنا پڑگئے، جبکہ ریاست یوٹاہ میں متاثرہ ووٹرز کو الیکٹرانک طریقے سے ووٹ ڈالنے کی اجازت دے دی گئی۔
امریکی میڈیا کے مطابق وسطی امریکا میں شدید بارشوں اور طوفانی موسم کے باعث مختلف علاقوں میں ہنگامی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ فلوریڈا میں اچانک سیلاب کے باعث انتخابی انتظامات متاثر ہوئے اور ووٹرز کی سہولت کے لیے 18 پولنگ اسٹیشنز کو متبادل مقامات پر منتقل کردیا گیا۔
دوسری جانب ریاست یوٹاہ کے صحرائی علاقے سان خوان کاؤنٹی میں شدید بارشوں اور سیلاب کے بعد ہنگامی صورتحال نافذ کردی گئی۔ موسلادھار بارشوں کے نتیجے میں سان خوان دریا میں طغیانی آگئی جبکہ سیلابی ریلوں نے سڑکوں اور دیگر راستوں کو شدید نقصان پہنچایا، جس کے باعث متعدد ووٹرز کے لیے پولنگ مراکز تک پہنچنا ناممکن ہوگیا۔
صورتحال کے پیش نظر یوٹاہ کے گورنر نے متاثرہ علاقے کے رہائشیوں کو ای میل یا فون کے ذریعے ووٹ ڈالنے کی سہولت فراہم کرنے کا اعلان کیا، جبکہ سان خوان کاؤنٹی کے شہریوں کو الیکٹرانک ووٹنگ کی اجازت بھی دے دی گئی۔
امریکی میڈیا کے مطابق شدید موسمی حالات نے انتخابی عمل کے دوران انتظامیہ کے لیے نئی مشکلات پیدا کردی ہیں، جہاں ایک طرف ووٹرز کو حق رائے دہی استعمال کرنے میں دشواری کا سامنا ہے تو دوسری جانب انتخابی حکام پولنگ کا عمل جاری رکھنے کے لیے متبادل انتظامات کر رہے ہیں۔
